نئی دہلی، 11 ستمبر (یو این آئی) وزیرِ خزانہ نِرملا سیتا رمن نے جمعہ کے روز یہاں روس کے اول نائب وزیراعظم ڈینس منٹوروف سے ملاقات کی اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون پر بات چیت کی نیز سرمایہ کاری پر مجوزہ معاہدے کی بات چیت کو آگے بڑھانے پر اتفاق ظاہر کیا۔
دونوں فریقوں نے مالیاتی خدمات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر خصوصی طور پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزارتِ مالیات نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ محترمہ نِرملا سیتا رمن اور ڈینس منٹوروف نے "دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے امور پر بات چیت کی اور ہندوستان نیز روس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے خیالات کا تبادلہ کیا۔" دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-روس اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدے (بی آئی ٹی) پر بات چیت کو آگے بڑھانے پر اتفاق ظاہر کیا، تاکہ سرمایہ کاری کے بہاؤ اور اقتصادی لگاؤ کو فروغ دینے کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند فریم ورک قائم کیا جا سکے۔
محترمہ نِرملا سیتا رمن اور ڈینس منٹوروف نے مالیاتی خدمات کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے مواقع پر بھی غور و خوص کیا۔ قابلِ ذکر ہے کہ ہندوستان اور روس کے درمیان خام تیل کے ساتھ ساتھ دیگر اشیاء کی تجارت میں حال ہی میں تیزی آئی ہے۔ گزشتہ مالیاتی سال میں دو طرفہ تجارت 60 ارب ڈالر کی سطح پر تھی۔