Jadid Khabar

راہل گاندھی نے ایم پی فنڈ کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا

Thumb

رائے بریلی، 9 ستمبر (یواین آئی) لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف اور کانگریس کے مقامی رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بدھ کے روز اپنے رائے بریلی دورے کے دوسرے دن بھوئیمئو واقع رہائش گاہ پر ایم پی فنڈ سے کرائے گئے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔
اس کے دوران انہوں نے پارٹی لیڈران  اور کارکنوں سے ملاقات کی نیز مقامی لوگوں کے مسائل سنے۔ ان کے سینٹرل بار ایسوسی ایشن اور ڈاکٹروں کے وفد سے بھی ملاقات کا پروگرام ہے۔ 
مسٹر گاندھی صبح 11:30 بجے کلکٹریٹ احاطے میں واقع بچت بھون ہال میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوآرڈینیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی ('دِشا') کی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ میٹنگ میں ضلع میں جاری مرکزی حکومت کی مختلف ترقیاتی اور عوام فلاحی اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ میٹنگ میں ترقیاتی کاموں کی رفتار اور مختلف اسکیموں کے نفاذ کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
'دِشا' کی میٹنگ کے بعد راہل گاندھی کے لکھنؤ ہوتے ہوئے دہلی روانہ ہونے کا پروگرام ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ مسٹر گاندھی منگل کی شام یہاں دو روزہ دورے پر پہنچے تھے۔ انہوں نے دیر شام پربھو ٹاؤن میں مقامی تاجروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔ اس دوران امیٹھی کے رکنِ پارلیمنٹ کشوری لال شرما بھی موجود تھے۔ بعد میں کانگریس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پارٹی تاجروں کے مفاد، احترام اور حقوق کے لیے پرعزم ہے۔