نئی دہلی، 09 ستمبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے بدھ کے روز گریٹر نوئیڈا کے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے اس فیصلے پر سوال اٹھایا جس میں کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے مجوزہ طلباء کے احتجاج میں شرکت کی مہم چلانے کے الزام میں ایک طالب علم کو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 130 کے تحت نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
عدالت نے تبصرہ کیا کہ ایسا نوٹس جاری نہیں کیا جا سکتا تھا جبکہ اس نے پہلے ہی احتجاج سے متعلق ایف آئی آرز کو منسوخ کر دیا تھا اور ہدایت دی تھی کہ سی جے پی احتجاج کے سلسلے میں طلباء کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کی جائے۔ یہ معاملہ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے سینئر ایڈووکیٹ بشوجیت بھٹاچاریہ نے اٹھایا، جنہوں نے کہا کہ گریٹر نوئیڈا کے ایک ایگزیکٹیو مجسٹریٹ نے گوتم بدھ یونیورسٹی کے سیکنڈ ایئر کے ایک طالب علم کو امن برقرار رکھنے کے لیے 5 لاکھ روپے کا پرسنل بانڈ جمع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نوٹس جاری کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق بعد میں یہ نوٹس واپس لے لیا گیا تھا۔
چیف جسٹس نے سوال کیا کہ احتجاج سے جڑے طلباء کے خلاف سخت کارروائی پر روک لگانے کی سپریم کورٹ کی سابقہ ہدایت کے باوجود مجسٹریٹ ایسا نوٹس کیسے جاری کر سکتے ہیں۔ عدالت نے وکیل سے نوٹس کو آن ریکارڈ لانے کو کہا اور کہا کہ وہ حکام سے وضاحت طلب کرے گی۔
بی این ایس ایس کی دفعات 126 اور 135 کے تحت 4 ستمبر کو جاری کیے گئے نوٹس میں الزام لگایا گیا تھا کہ طالب علم اکشت ترپاٹھی دوسروں کو مجوزہ سی جے پی احتجاج میں شامل ہونے کی ترغیب دے رہے تھے اور ان کی سرگرمیاں امن و امان میں خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔