Jadid Khabar

تعلیمی عمدگی ، ہنرمندی کا فروغ اور کاروباری صلاحیت ملک کی ترقی کی کلید: دروپدی مرمو

Thumb

نئی دہلی، 05 ستمبر (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے تعلیم کو آئین میں درج مساوی مواقع کے آدرش کو عملی جامہ پہنانے کا سب سے مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے پرائمری اسکولوں میں پڑھائی چھوڑنے والے بچوں کی تعداد میں کمی لانے میں اساتذہ کی کوششوں کو اہم بتایا ہے۔
محترمہ دروپدی مرمو نے یوم اساتذہ کے موقع پر ہفتہ کو یہاں منعقدہ تقریب میں ملک بھر کے بہترین اساتذہ کو قومی ایوارڈز سے نوازا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ اسکول کی تعلیم پورے تعلیمی نظام کی بنیاد ہے۔ ابتدائی کلاسوں میں بچوں کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی ترقی پر توجہ دے کر اساتذہ بہترین طالب علم اور ذمہ دار شہری تیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے بچوں، پہلی نسل کے علم حاصل کرنے والوں، گاؤں سے بڑے شہروں کے اسکولوں میں آنے والے طلباء، شرمیلے  بچوں، باصلاحیت لیکن اعتماد کی کمی والے طلباء اور خصوصی ضروریات والے بچوں میں اعتماد پیدا کرنا اساتذہ کی خاص ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی عمدگی، ہنرمندی کا فروغ  اور کاروباری صلاحیت ملک کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو دنیا کی مہارت کی راجدھانی اور علم کی عظیم طاقت بنانا حکومت کی قومی ترجیحات میں شامل ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ وکست بھارت کا ہندوستان کا ہدف عالمی سطح کے تعلیمی نظام کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کا ایک بھی طالب علم معیاری تعلیم کے موقع سے محروم نہ رہے اور اساتذہ اپنی محبت اور لگن سے طلباء میں علم، تحریک، اخلاقیات اور حساسیت پیدا کریں۔