متھرا، 4 ستمبر (یو این آئی) شری کرشن جنم اشٹمی کے مبارک موقع پر میتھرا پہنچے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپوزیشن جماعتوں پر شدید نشانہ سادھا۔ شری یوگی نے شری کرشن جنم بھومی مندر میں درشن اور پوجا کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت پربھو شری رام، شری کرشن، بابا وشوناتھ اور ماں وندھیاواسنی پر ایمان رکھتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جن کا عقیدہ بابر اور اورنگزیب پر ہے، کیا وہ عوام کے عقیدے کا احترام کر سکیں گے؟
ایودھیا کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 1528 میں غیر ملکی حملہ آوروں نے ہمارے عقیدے کو ختم کرنے کی کوشش کی تھی۔ جو لوگ خود کو ناقابل تسخیر سمجھتے تھے، آج ان کا وجود ختم ہو چکا ہے۔ جن لوگوں کو یہ تبدیلی پسند نہیں آ رہی، وہ اب ایودھیا کو بدنام کرنے کی سازش رچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوگ مایا کے کے لیے اٹوٹ عقیدے کا ہی نتیجہ ہے کہ آج وندھیاواسنی دھام کی شاندار کاپلا پلٹ ہو چکی ہے۔
شری یوگی نے مخالفین کو 'بابر اور اورنگزیب کا پیروکار' قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ معاشرے میں زہر گھولنے کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی عادت سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر کے حوصلے بلند کرنا ہے، تاکہ عوام کی سیکیورٹی میں رخنہ ڈالا جا سکے۔ یہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنا چاہتے ہیں، بہن بیٹیوں کی حفاظت کے لیے خطرہ پیدا کرنا چاہتے ہیں اور کسانوں نیز دستکاروں کی خوشحالی چھیننا چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے سخت لہجے میں کہا کہ ریاست کی ڈبل انجن حکومت ایسے ہند مخالف اور سماج دشمن عناصر کے ارادوں کو کبھی پورا نہیں ہونے دے گی۔ حکومت ہر شہری کی سلامتی، احترام اور ریاست کی ترقی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔