جے پور، 2 ستمبر (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس رہنما اشوک گہلوت نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر غریب اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے سماجی تحفظ پنشن بڑھا کر تین ہزار روپے ماہانہ کرے اور اس کے مستفیدین کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ راجستھان میں کانگریس حکومت نے 2013 میں بزرگوں، بیواؤں اور معذور افراد کے لیے 500 روپے ماہانہ سماجی تحفظ پنشن شروع کی تھی۔ 2018 میں کانگریس کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد اسے بڑھا کر 750 روپے اور 2023 میں ایک ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کوئی حکومت پنشن کی رقم کو جمود کا شکار نہ رکھ سکے، اس کے لیے ہر سال 15 فیصد اضافے کی قانونی شق بھی شامل کی گئی۔ ان کے مطابق یہ پنشن آج ریاست کے لاکھوں ضرورت مند خاندانوں کے لیے سہارا بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 2013 کے بعد گزشتہ 12 برسوں کے دوران مرکزی حکومت نے سماجی تحفظ کی مرکزی پنشن میں کوئی اضافہ نہیں کیا، جبکہ مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو ریاستوں کے ساتھ مل کر پنشن کی رقم تین ہزار روپے ماہانہ کرنی چاہیے اور مرکز و ریاست اس اخراجات میں 50-50 فیصد حصہ برداشت کریں۔