Jadid Khabar

شری کرشن کی زندگی عوامی فلاح و بہبود پر مبنی حکومت کی ترغیب: یوگی

Thumb

لکھنؤ، 31 اگست (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شری کرشن جنماشٹمی کے موقع پر ریاست کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے بھگوان شری کرشن کے فلسفۂ حیات کو سچائی، دھرم، عمل اور عوامی فلاح و بہبود کی ترغیب قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھادرپد کرشن اشٹمی کی آدھی رات کو متھرا کے قید خانے میں جب نند لالا کا 'پراکٹیہ' ہوا، تب جھوٹ اور ناانصافی کے اندھیرے کے درمیان سچائی اور دھرم کی روشنی پھوٹی۔
انہوں نے کہا کہ یوگیشور بھگوان شری کرشن کی زندگی عوامی فلاح و بہبود پر مبنی حکومت کے بنیادی جذبے کی ترغیب دیتی ہے۔ ناانصافی کا مقابلہ، مذہب کا تحفظ، کمزوروں کی سرپرستی اور عوامی فلاح و بہبود ان کے فلسفۂ حیات کے اہم ستون رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی جذبے کے ساتھ ریاستی حکومت معاشرے کے آخری پائیدان پر کھڑے شخص کی زندگی میں احترام اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے ریاست کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جنماشٹمی کے اس مبارک موقع پر اپنے ورثے کے تحفظ، سماجی ہم آہنگی اور ترقی یافتہ و پروقار اتر پردیش کی تعمیر کا عہد لیں۔ ساتھ ہی بھگوان شری کرشن کے سچائی، دھرم، عمل اور عوامی فلاح و بہبود کے پیغام کو اپنی زندگی میں اپنائیں۔