Jadid Khabar

’سی ایم انکل روڈ بناؤ‘، کانگریس نے جین-الفا اسٹوڈنٹس کی ویڈیو شیئر کر بی جے پی حکومت پر کیا حملہ

Thumb

اس وقت ہندوستان کی بیشتر ریاستوں میں مانسون کی بارش نے آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا کر دیا ہے۔ کئی علاقوں میں اسکولی طلبا کو کافی پریشانیوں کا سامنا کر کے اسکول جانا پڑ رہا ہے۔ ایک ویڈیو بہار کے بانکا سے سامنے آئی ہے، جس میں کم عمر طلبا اسکول جانے کے لیے کیچڑ والی سڑک سے ہو کر گزر رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ عام دنوں میں بھی یہ سڑک خراب رہتی ہے اور آنے جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ویڈیو میں جین-الفا زمرہ سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات ’سی ایم انکل روڈ بناؤ‘ کا نعرہ بلند کر رہے ہیں۔ اس ویڈیو کو کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔

کانگریس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کیچڑ میں سے گزر کر اسکول جانے کو مجبور یہ بچے حکومت اور انتظامیہ سے سڑک بنوانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ویڈیو بہار کے بانکا کا ہے، جس میں بچے اپنی پریشانیاں بیان کر رہے ہیں۔‘‘ کانگریس کے مطابق بچے کہہ رہے ہیں کہ سڑک نہ ہونے سے انھیں اسکول جانے میں دقت ہوتی ہے، کیچڑ کی وجہ سے اسکول یونیفارم خراب ہو جاتی ہے اور کیچڑ کے سبب اسکول میں ٹیچر بھی نہیں آتے ہیں۔
ویڈیو میں دی گئی جانکاری کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’لوگوں کے مطابق اس سڑک کے نام پر لاکھوں روپے ہضم کر لیے گئے، لیکن سڑک نہیں بنوائی۔ پورے ملک میں جین-الفا بدحال سسٹم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، نعرے لگا رہے ہیں، اپنے مطالبات کو لے کر سڑک پر اتر رہے ہیں۔ لیکن بدعنوانی میں گلے تک ڈوبی بی جے پی حکومت کو ذرا بھی فرق نہیں پڑ رہا۔ شرم آنی چاہیے۔‘‘ شیئر کردہ ویڈیو میں ایک بچہ کہتا نظر آ رہا ہے کہ اسکول میں تقریباً 250 بچوں کا رجسٹریشن ہے، لیکن 100 سے بھی کم بچے اسکول پہنچتے ہیں۔ کچھ بچوں نے اسکول میں دیگر بنیادی سہولیات کی کمی کا بھی ذکر کیا۔ ایک بچہ نے یہ بھی بتایا کہ اسکول میں محض 3-2 ٹیچر آتے ہیں، جس سے ان کی پڑھائی کا بہت نقصان ہوتا ہے۔