لکھنؤ، 26 اگست (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے اتر پردیش کے بدایوں ضلع میں بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیے جانے پر جاری تنازع پر حکومت اور انتظامیہ سے پرامن اور مناسب حل نکالنے کی اپیل کی ہے۔
محترمہ مایاوتی نے بدھ کو 'ایکس' پر کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کو مساوات اور مساوی حقوق دینے والا آئین دے کر ملک کو متحد اور مضبوط بنانے کی ضمانت یقینی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے صحیفوں، مذہبی رسومات اور عقائد کا احترام ہونا چاہیے اور کسی کے مذہبی جذبات کو نظر انداز یا ان میں مداخلت نہیں کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی عزت، احترام اور پردے وغیرہ سے جڑے معاملات کو بھی حساسیت کے ساتھ دیکھا جانا چاہیے۔ اسکولوں میں یونیفارم، پردہ، چادر اور حجاب جیسے معاملات کو طول دے کر عدالت میں تنازع کا قانونی مسئلہ بنانے کے بجائے مقامی سطح پر اسکول انتظامیہ اور حکومت و انتظامیہ کو باہمی سمجھ بوجھ سے حل نکالنا چاہیے، تاکہ کسی کو تنگ نظری کی سیاست کرنے کا موقع نہ ملے۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ ان کی پارٹی تمام معاشرے کے احترام اور لوگوں کی جان و مال اور مذہب کے تحفظ کی ضمانت والی امبیڈکر وادی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب، مذہبی صحیفوں اور مذہبی روایات یا عقائد سے جڑے حساس معاملات پر تمام لوگوں کو تبصرہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے، جو ملک اور عوام کے مفاد میں ہوگا۔
محترمہ مایاوتی نے بدایوں میں ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیے جانے کے تعلق سے پیدا ہوئے تنازع اور کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کو فوری طور پر اس کا پرامن اور مناسب حل نکالنا چاہیے۔