Jadid Khabar

تہواروں پر بڑھتی مہنگائی سے عام آدمی کی رسوئی کا بجٹ بگڑا: کھڑگے

Thumb

نئی دہلی، 26 اگست (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی توجہ ہٹانے والے اسٹنٹ اور بے تکی باتوں میں لوگوں کو الجھا کر اپنی کرتوتوں پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے لیکن کانگریس اور عوام مہنگائی کے مسئلے پر سوال پوچھتے رہیں گے۔مسٹر کھرگے نے تہواروں کے درمیان عام آدمی کے باورچی خانے پر پڑ رہے مہنگائی کے اثر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پیاز کے دام ایک سال میں 59 فیصد تک بڑھ گئے ہیں اور کئی شہروں میں یہ 50 سے 60 روپے فی کلوفروخت ہورہی ہے۔ انہوں نے چینی کی قیمت 60 سے 70 روپے فی کلو اور کچھ جگہوں پر 72 روپے تک پہنچنے کا دعویٰ کیا۔ وہیں، سرسوں کے تیل کی قیمت 200 روپے فی لیٹر سے زیادہ ہونے کی بات کہی۔کانگریس صدر نے غذائی مہنگائی کی شرح 5.52 فیصد اور تھوک مہنگائی کی شرح 9.78 فیصد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 سال سے بی جے پی کی حکومت ہے لیکن 'اچھے دنوں' میں کبھی دال، کبھی سبزی، کبھی تیل اور کبھی چینی عام آدمی کا بجٹ بگاڑتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو توجہ ہٹانے کے بجائے مہنگائی پر جواب دینا چاہیے اور عوام کو راحت دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔