لکھنؤ، 21 اگست (یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے ملک میں 'وندے ماترم' گانے پر جاری سیاسی بحث پر جمعہ کے روز کہا کہ اس مسئلے کے حوالے سے اس وقت سیاست کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے مرکز اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں سے مفاد عامہ سے جڑے اہم مسائل پر توجہ دینے کی اپیل کی۔
محترمہ مایاوتی نے 'ایکس' پر کہا کہ ملک میں 'وندے ماترم' کا پورا گیت گایا جانا ہے یا اس کے ابتدائی دو بند گائے جانے ہیں، اس پر جس طرح کی سیاست ہو رہی ہے، وہ مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کا واضح موقف ہے کہ وندے ماترم کے گانے پر پارلیمنٹ میں جو قانون پاس کیا گیا ہے، ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ مرکز اور ریاستوں میں اقتدار کی تبدیلی کے دوران سیاسی جماعتیں اپنے سیاسی مفاد اور فائدے کے لیے یا اپنی خامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے پہلے سے بنے قوانین میں تبدیلیاں کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سیاست کے بجائے عوام سے جڑے حقیقی مسائل پر توجہ دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ملک اور مفاد عامہ سے جڑے کئی سنگین مسائل ہیں، جن پر مرکز اور تمام ریاستی حکومتوں کے ساتھ سیاسی جماعتوں کو بھی مناسب توجہ دینی چاہیے۔ مایاوتی نے خصوصاً بے روزگار نوجوانوں، 'جین زی' اور اسکول کے بچوں کے مسائل کا ذکر کیا۔
بی ایس پی صدر نے ملک کے کچھ حصوں میں سیلاب سے ہونے والے جان و مال کے نقصان سمیت دیگر اہم مسائل کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں ان مسائل پر توجہ دینا ہی ملک اور مفاد عامہ میں سب سے زیادہ ضروری ہے۔