لکھنؤ، 21 اگست (یو این آئی) اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو سماج وادی پارٹی (ایس پی) پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والی پارٹی کے رہنما پی ڈی اے کی تعریف بھی بدلتے رہتے ہیں۔ کبھی 'پی' کا مطلب پسماندہ تھا، پھر پنڈت ہو گیا اور ایک دن یہی لوگ 'پی' کا مطلب پاکستان کر دیں گے۔
وزیر اعلیٰ یہاں بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی اکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں سابق وزیر اعلیٰ اور راجستھان و ہماچل پردیش کے سابق گورنر پدم وبھوشن کلیان سنگھ 'بابوجی' کی پانچویں برسی کے موقع پر منعقدہ 'ہندو گورو دیوس' پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
اس دوران انہوں نے بابوجی کی تصویر پر پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ یوگی نے کہا کہ بابوجی دباؤ میں کام کرنے والے شخص نہیں تھے۔ وہ کہا کرتے تھے، ''کلیان سنگھ ٹوٹ سکتا ہے، جھک نہیں سکتا۔'' انہوں نے کہا کہ رام جنم بھومی تحریک کے دوران بابوجی نے واضح کر دیا تھا کہ جدوجہد منظور ہے، اقتدار جانا منظور ہے، لیکن بھگوان شری رام کی توہین منظور نہیں ہے۔ آج ایودھیا میں شاندار رام مندر اور رام للا کے براجمان ہونے پر بابوجی کی یاد فطری طور پر سامنے آتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بدقسمتی اور شرمناک ہے۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بابوجی کو خراج عقیدت پیش کیا، لیکن ایس پی صدر کی جانب سے کوئی تعزیت تک ظاہر نہیں کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اسے بابوجی کے ساتھ ساتھ سناتن اقدار اور ہندو وقار پر یقین رکھنے والے لوگوں کی توہین قرار دیا۔
یوگی نے الزام لگایا کہ عظیم شخصیات کا احترام نہ کرنا ایس پی کی عادت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قنوج میں ایس پی حکومت کے دوران سرکاری طبی کالج سے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا نام ہٹا دیا گیا تھا، جسے بی جے پی حکومت نے دوبارہ بحال کیا۔
یوگی نے کہا کہ بابوجی نے اترپردیش کو نئی شناخت دی اور نوجوانوں کے سامنے کھڑے شناخت کے بحران کو دور کرنے کے لیے بہتر ماحول بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے پہلے کینسر ادارے میں بابوجی کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے اور ادارے کا نام بھی ان کے نام پر رکھا گیا ہے۔ بلند شہر کے سرکاری طبی کالج کا نام بھی کلیان سنگھ کے نام پر رکھا گیا ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے