پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد انہیں علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسپتال کے ایک حصے کو سب جیل قرار دینے کی تیاریاں جاری ہیں۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچے۔ وہاں موجود پولیس افسران نے آئی جی کو سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ عمران خان کی اسپتال منتقلی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
دوسری جانب عمران خان کی بہن علیما خان اپنے کزن قاسم خان کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچیں۔ تاہم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس نے انہیں جیل کے مین گیٹ پر روک لیا۔اس سے قبل عمران خان کی ممکنہ اسپتال منتقلی کے پیش نظر پولیس کو ایلرٹ کر دیا گیا تھا۔ عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کا یہ اقدام سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے بعد کیا گیا ہے۔ دو روز قبل سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کو طبی معائنے اور علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں عمران خان کی اسپتال منتقلی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ جس کے بعد سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ نے اسپتال میں ضروری انتظامات کرلئے۔
عمران خان کے اسپتال پہنچتے ہی اسلام آباد پولیس کو ایلرٹ کر دیا گیا۔ اسپتال کے اندر اور اردگرد سینئر پولیس افسران کو تعینات کیا گیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس وقت عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد سیکیورٹی کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔