ہندوستان کے بڑے حصے میں مانسون والی بارش اور ہواؤں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 21 اگست کے لیے اتر پردیش، بہار، اتراکھنڈ اور مدھیہ پردیش سمیت ملک کی تقریباً 23 ریاستوں میں موسلادھار بارش، آسمانی بجلی اور تیز آندھی کی سنگین وارننگ جاری کی ہے۔ شمال مشرقی مدھیہ پردیش اور اس سے متصل جنوب مشرقی اتر پردیش کے اوپر بنے کم دباؤ والے علاقے کے اثر سے پورے شمالی اور وسطی ہندوستان میں مانسون انتہائی جارحانہ نظر آ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ذریعہ آج ساحلی اور میدانی علاقوں میں 75 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ملک کی راجدھانی دہلی میں بھی 21 اگست کو موسم کا مزاج پوری طرح بدلنے والا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے حبس اور تیز دھوپ سے پریشان دہلی والوں کو آج راحت ملنے کے ساتھ ساتھ تیز بارش کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق دہلی اور اس سے متصل این سی آر (نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام، فرید آباد) میں آج پورے دن بادل چھائے رہیں گے اور وقفہ وقفہ سے شدید بارش ہو سکتی ہے۔ بارش کے دوران 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز آندھی اور ہوائیں چلنے کا اندازہ بھی لگایا گیا ہے۔ دہلی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ شدید بارش کی وارننگ کے پیش نظر دہلی کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور اہم چوراہوں پر ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔ مسافروں اور گاڑی چلانے والوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اتر پردیش میں اس وقت مانسون کی بارش نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے۔ پریاگ راج، وارانسی، چترکوٹ، بہرائچ اور ایودھیا جیسے اضلاع میں ندیاں طغیانی پر ہیں اور کئی علاقے پوری طرح زیر آب ہو چکے ہیں۔ لکھنؤ موسمیاتی مرکز کے مطابق شمال مغربی اتر پردیش میں سطح سمندر سے 3.1 کلومیٹر کی بلندی پر ایک گردابی گردش بنی ہوئی ہے، جس کے باعث 21 اگست کو پورے صوبے میں بارش کی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔
اس درمیان سہارنپور، میرٹھ، مظفر نگر، بجنور، علی گڑھ، ایٹا، فیروزآباد، آگرہ، متھرا، بریلی، پیلی بھیت اور شاہجہاں پور میں آسمانی بجلی چمکنے اور بھاری بارش کو لے کر ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔ گوتم بدھ نگر، آگرہ، کانپور، پریاگ راج اور جھانسی سمیت کئی مغربی و مشرقی اضلاع میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے طوفانی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ راجدھانی لکھنؤ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری اور کم سے کم 28 ڈگری سیلسیس رہنے کے امکانات ہیں۔
دوسری طرف بہار کے گیا، پٹنہ، جہان آباد، بھوجپور، بکسر، سیوان، ویشالی، مظفرپور، دربھنگہ، بھاگلپور، پورنیہ اور کٹیہار سمیت تقریباً 2 درجن اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ ہے۔ پٹنہ میں 50 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ راجدھانی پٹنہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری اور کم سے کم 29 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ہے۔ اسی طرح جھارکھنڈ کے رانچی، دھنباد، دیوگھر، بوکارو، جمشیدپور اور گریڈیہہ میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چلنے اور جھما جھم بارش کا امکان ہے۔ رانچی میں درجہ حرارت 24 سے 31 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔