لکھنؤ، 12 اگست (یواین آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی ) کے صدر اکھلیش یادو نے پارلیمنٹ میں حکومت کے جواب پر بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے جواب دینے کے لیے وقت کی حد طے کرنا اپنے آپ میں غیر جمہوری ہے۔ ایسی حد میں دیا جانے والا جواب حقیقی جواب نہیں، بلکہ صرف ایک کھوکھلا بیان ہوگا۔
مسٹر یادو نے 'فیس بک' پر پوسٹ کیے گئے اپنے بیان میں کہا، "سوال یہ ہے کہ حکومت جواب دینے کے لیے تیار کیوں نہیں ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی چاہتی ہی نہیں کہ کسی سنگین معاملے پر جواب دیا جائے۔ وہ تو پارلیمنٹ کا سیشن ختم کرنے کے لیے بے تاب دکھائی دے رہی ہے۔ کیا جواب دہی گھڑی دیکھ کر طے ہوگی؟ ذمہ داری اور جواب دہی وقت کی کسی شرط سے نہیں، بلکہ فرض شناسی کے منطق سے نبھائی جاتی ہے۔ حکومت کو سنگین سوالات کا حقائق پر مبنی اور تفصیلی جواب دینا چاہیے۔"
انہوں نے کہا کہ یہ کسی عام تجسس کو سطحی طور پر حل کرنے کی محض ایک رسم نہیں ہے۔ معاملہ 'بھگوان اور انسان' دونوں کے ساتھ کی گئی بدسلوکی اور بدنیتی سے جڑا ہوا انتہائی سنگین موضوع ہے۔ اس لیے اس پر حکومت کی جانب سے واضح جواب اور مکمل جواب دہی ضروری ہے۔
مسٹر یادو نے کہا، "ملک اب کیا چاہتا ہے؟ ملک تقریر سننے کے موڈ میں نہیں ہے۔ عوام کو تقریر نہیں، سوالوں کے جواب چاہیے۔" انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی سنگین سوالات کا سامنا کرنے کے بجائے پارلیمنٹ کا سیشن ختم کرنے کی جلد بازی میں ہے۔