قومی کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ترمیمی) بل 2026 لوک سبھا سے منظور
نئی دہلی، 11 اگست (یواین آئی) لوک سبھا نے اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان قومی کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این سی ڈی سی) کے اختیارات اور مالی صلاحیتوں میں توسیع سے متعلق قومی کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ترمیمی) بل 2026 کو بغیر بحث کے منظور کرلیا۔
مرکزی وزیر مملکت برائے امداد باہمی مرلی دھر موہول نے ہنگامے کے درمیان بل بحث اور منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا، تاہم احتجاج کے باعث اس پر کوئی بحث نہیں ہوسکی۔ انہوں نے بتایا کہ بل کے تحت این سی ڈی سی کو کوآپریٹو سوسائٹیوں یا کوآپریٹو شعبے کی ترقی سے وابستہ کسی بھی ادارے کو براہ راست قرض اور گرانٹ دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔
امداد باہمی کی وزارت کے تحت کام کرنے والا این سی ڈی سی ایک قانونی ادارہ ہے، جسے 1963 میں قومی کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن ایکٹ 1962 کے تحت قائم کیا گیا تھا۔ اس کے اہم کام کاج میں زرعی پیداوار، غذائی اشیا اور دیگر مطلع شدہ اشیا کی پیداوار، پروسیسنگ، مارکیٹنگ، ذخیرہ اندوزی اور درآمد و برآمد سے متعلق پروگراموں کی منصوبہ بندی، فروغ اور مالی معاونت شامل ہے۔
مسٹر موہول نے کہا کہ بل میں این سی ڈی سی کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے تحت ادارے کا کردار صرف کوآپریٹو سوسائٹیوں کے ذریعے پروگراموں کی منصوبہ بندی اور فروغ تک محدود نہیں رہے گا بلکہ کوآپریٹو شعبے کی ترقی سے متعلق پروگراموں کی منصوبہ بندی اور فروغ بھی اس کے دائرہ کار میں شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث کوآپریٹو شعبے میں این سی ڈی سی کا کردار اہم ہوگیا ہے۔ بل سے کوآپریٹو سوسائٹیوں کو مالی معاونت ملے گی اور ملک کے کوآپریٹو شعبے کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔