مودی نے قومی ہتھ کرگھہ دن پر بنکروں کو کیا سلام، ہینڈلوم کو بتایا آتم نربھر بھارت کی طاقت
نئی دہلی، 07 اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو قومی ہتھ کرگھہ دن کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دی اور ملک کی صدیوں پرانی ہتھ کرگھہ روایت کو سلام پیش کرتے ہوئے اس شعبے کی ترقی اور تحفظ کے لیے مرکزی حکومت کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ ہتھ کرگھہ کا شعبہ گاؤں کو بااختیاربنانے، خواتین کوبااختیاربنانے اور آتم نربھر بھارت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں ملک کے بنکروں اور کاریگروں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نسلوں سے چلی آرہی کاریگری، لگن اور محنت نے ہندوستان کی مالا مال ملبوساتی روایت کو زندہ رکھا ہے۔
جناب مودی نے کہا، "آج، قومی ہتھ کرگھہ دن پر، ہم ہندوستان کے مالا مال اور متحرک ہتھ کرگھ ورثے کا جشن مناتے ہیں۔ ہم اپنے بنکروں اور کاریگروں کی مہارت، تخلیقیت اور لگن کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ نسلوں سے انہوں نے ہماری روایتوں کو محفوظ اور مالا مال کیا ہے۔"
وزیراعظم نے ہتھ کرگھہ شعبے کے تئیں حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا، "ہماری حکومت اس شعبے کو مسلسل ترغیب دیتی رہے گی۔ ہتھ کرگھہ صنعت گاؤوں کو با اختیاربنانے، خواتین کی قیادت میں ترقی اور آتم نربھر بھارت کی تعمیر کی ایک اہم بنیاد ہے۔"
ملک میں تیار کپڑوں کو فروغ دینے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے، وزیراعظم نے لوگوں سے سوشل میڈیا پر اپنی پسندیدہ ہتھ کرگھہ مصنوعات کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، "اپنی پسندیدہ ہتھ کرگھہ مصنوعات اور تیار ہونے کے طریقہ کار کے ویڈیو شیئر کریں، جس سے اس شعبے سے جڑے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔"
ہر سال سات اگست کو قومی ہتھ کرگھہ دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن 1905 میں شروع ہونے والی سودیشی تحریک کی یاد دلاتا ہے، جس نے لوگوں کو سودیشی اشیاء کے استعمال کی ترغیب دی اور جدوجہد آزادی کے دوران ہندوستان کی روایتی صنعتوں کو نئی مضبوطی دی۔ یہ موقع ملک کے ثقافتی ورثے، معیشت اور روزگار میں ہتھ کرگھہ شعبے کے تعاون کا احترام کرنے کے ساتھ ساتھ ان لاکھوں بنکروں اور کاریگروں کی کوششوں کو بھی تسلیم کرتا ہے، جو آج بھی روایتی بُنائی کے ورثے کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
ہتھ کرگھ کا شعبہ زراعت کے بعد ہندوستان کے سب سے زیادہ روزگار پیدا کرنے والے شعبوں میں سے ایک ہے، جو ملک بھر میں لاکھوں بنکروں اور معاون کارکنوں کی کفالت کرتا ہے۔ اس میں افرادی قوت کا ایک بڑا حصہ خواتین کا ہے۔
گزشتہ چند برسوں میں، مرکزی حکومت نے مالی امداد اور ہنر کی ترقی کے پروگراموں کے ذریعے ہتھ کرگھہ بنکروں کے ذریعہ معاش کو بڑھانے، مارکیٹ تک رسائی کو وسعت دینے، برانڈنگ میں بہتری لانے ، برآمدات کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی اپنانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کئی اقدامات شروع کیے ہیں۔