راجناتھ سنگھ سے ملے ہریانہ کے وزیرِ تعلیم مہیپال ڈھانڈا، تعلیمی اصلاحات پر ہوئی اہم گفتگو
نئی دہلی، 05 اگست (یو این آئی) ہریانہ کے وزیرِ تعلیم مہیپال ڈھانڈا نے بدھ کے روز قومی دارالحکومت میں وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کی سرکاری رہائش گاہ پر ان سے خیرسگالی کی ملاقات کی۔ اس دوران ریاست کی ترقی، عوامی بہبود اور تعلیمی اصلاحات سے جڑے مختلف عصری موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیرِ تعلیم نے شعبۂ تعلیم میں اصلاحات اور عوامی مفاد کے مسائل پر وزیرِ دفاع سے رہنمائی بھی حاصل کی۔ مسٹر ڈھانڈا نے مسٹر سنگھ کو ہریانہ حکومت کی شعبۂ تعلیم کی اہم پہلوں کی معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی)-2020 کے موثر نفاذ، تعلیمی ڈھانچے کی ترقی نیز مہارت پر مبنی اور معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو بہتر مستقبل کے لیے تیار کرنے کے مقصد سے جدید اور اقدار پر مبنی تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
میٹنگ کے دوران مسٹر سنگھ نے ہریانہ حکومت کی تعلیمی اصلاحات، ہنرمندی کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے نوجوانوں میں حب الوطن، اخلاقی اقدار اور جدید تکنیکی علم کو فروغ دینے والی پالیسیوں پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا۔
میٹنگ میں ریاست کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور سماجی ہم آہنگی سے جڑے مختلف موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔ مسٹر ڈھانڈا نے کہا کہ مرکزی قیادت کی رہنمائی میں ہریانہ حکومت تعلیم اور عوامی بہبود کے شعبے میں ریاست کو آگے لے جانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
یو این آئی ایف اے