Jadid Khabar

بی جے پی کا غرور ہی اس کی حکومت گرائے گا: اکھلیش

Thumb

لکھنؤ، یکم اگست (یواین آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی رہنماؤں کا سب سے بڑا بحران یہ ہے کہ اگر وہ اب عوام کے سامنے 'دنڈوت' ہوکر معافی بھی مانگیں، تب بھی عوام انہیں معاف نہیں کریں گے، کیونکہ انہوں نے عوام سے کیے گئے وعدے کبھی پورے نہیں کیے۔
ہفتہ کو جاری کردہ ایک بیان میں مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی کے اتحادیوں نے نوآبادیاتی حکومت کے سامنے معافی مانگنے کا کام کیا تھا اور اس کے ساتھ وفاداری بھی نبھائی تھی، لیکن عوام کے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ دوسروں پر معافی مانگنے کا دباؤ بنانا اور لوگوں کے بیانات بدلوانا بی جے پی کی منفی سیاست کا پرانا اور غیر متعلقہ طریقہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے افعال سے بی جے پی کے خلاف عوام کا غصہ اور ناراضگی  مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ اگر عوام بی جے پی کے خلاف اپنے خیالات دل ہی میں رکھنے لگے، تو بی جے پی اور اس کے "غیر رجسٹرڈ اتحادیوں" کے لیے سیاسی حالات مزید  مشکل ہو جائیں گے۔ اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کا غرور ہی بالآخر اس کی حکومت کے زوال کا سبب بنے گا۔
یواین آئی۔الف الف