آسام اور اڈیشہ میں سیلاب نے کیا بے حال، گجرات میں سبھی اسکول بند
ہندوستان میں مانسون نے اپنی رفتار پکڑ لی ہے اور اگلے چند دن کئی ریاستوں کے لیے انتہائی مشکل ثابت ہو سکتے ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 31 جولائی سے 5 اگست تک دہلی-این سی آر سمیت مختلف ریاستوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی میں آج، یعنی جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ گجرات میں ریڈ الرٹ کے درمیان اسکول بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ اڈیشہ اور آسام میں سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہیں۔
ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور جموں و کشمیر، لداخ کے علاقوں میں 5 اگست تک شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ تیز ہواؤں، آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ مغربی اور مشرقی اتر پردیش میں بھی 31 جولائی سے 4 اگست تک شدید بارش کا سلسلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ مدھیہ پردیش، ودربھ اور چھتیس گڑھ میں بھی اگلے 5 دنوں تک بارش کی سرگرمیاں تیز رہیں گی۔ خاص طور پر ودربھ اور مغربی مدھیہ پردیش میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وہیں بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، مغربی بنگال اور سکم میں مانسون انتہائی فعال رہنے والا ہے۔ بہار میں 5 اگست تک مسلسل بارش ہونے کی پیش گوئی ہے، جبکہ اڈیشہ، مغربی بنگال اور سکم کے کئی علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔
دیگر مقامات کی بات کریں، تو اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 5 اگست تک شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ کونکن-گوا، سوراشٹر-کچھ، وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کرناٹک، کیرالہ، تمل ناڈو، تلنگانہ، آندھرا پردیش اور لکشدیپ میں بھی اگلے 5 دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تلنگانہ اور ساحلی کرناٹک کے کچھ علاقوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور آسمانی بجلی گرنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔