امت شاہ کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں نے پارلیمنٹ احاطہ میں کیا مظاہرہ
نیٹ پیپر لیک اور امتحانات میں بے ضابطگی کے خلاف طلبا تحریک نے مودی حکومت کو بری طرح پریشان کر رکھا ہے۔ طلبا تحریک تو مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے بعد ختم ہو گئی ہے، لیکن کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن پارٹیاں لگاتار طلبا کے ایشوز اٹھا رہی ہیں۔ خاص طور سے مظاہرین طلبا پر پولیس کے ذریعہ پیلیٹ گن کا استعمال کیے جانے پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نشانے پر ہیں۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں میں ہی اپوزیشن لیڈران پیلیٹ گن استعمال کیے جانے سے متعلق امت شاہ کا بیان چاہتے ہیں، لیکن وہ ایوان میں حاضر ہی نہیں ہو رہے۔
اس معاملہ میں آج اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ احاطہ میں زوردار مظاہرہ کیا۔ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے ’امت شاہ پارلیمنٹ سے غائب کیوں؟‘ لکھا ہوا بینر لے کر طلبا کی آواز بلند کی اور امت شاہ سے پیلیٹ گن پر جواب دینے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر اس احتجاجی مظاہرہ کی کچھ تصویریں اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’امت شاہ پارلیمنٹ سے غائب کیوں؟ یہ سوال نہ صرف اپوزیشن بلکہ پورا ملک پوچھ رہا ہے۔ طلبا پر کی گئی بربریت کے بارے میں وزیر داخلہ امت شاہ کو جواب دینا ہوگا۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو نریندر مودی فوراً انھیں وزیر داخلہ کے عہدہ سے برخاست کریں۔‘‘
اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ احاطہ میں ایک دیگر اہم ایشو ’رام مندر میں چندہ چوری‘ معاملہ پر بھی اپنا احتجاج درج کرایا۔ اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ چندہ چوری کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جانی چاہیے، کیونکہ اس حرکت نے کروڑوں لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ کانگریس نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ’چڑھاوا چور، گدی چھوڑ‘ کا نعرہ پیش کرتے ہوئے برسراقتدار طبقہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’رام مندر میں بی جے پی-آر ایس ایس نے ’چندہ چوری‘ کر ملک کے کروڑوں رام بھکتوں کی عقیدت سے کھلواڑ کیا ہے۔ یہ گناہِ عظیم ہے۔‘‘ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے چندہ چوری کے خلاف بے حد انوکھے طریقے سے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ شیئر کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چندہ باکس لے کر بیٹھے شخص کو راہل گاندھی چندہ دیتے ہیں، اور وہ شخص چندہ کو اپنے پاس رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔
پارلیمنٹ احاطہ میں آج ہوئے ان احتجاجی مظاہروں میں راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سمیت کئی سرکردہ سیاسی لیڈران موجود تھے۔ پرینکا گاندھی، پپو یادو اور ڈمپل یادو بھی ان مظاہروں میں پیش پیش نظر آئے۔ کچھ تصویروں میں پرینکا گاندھی ’چندہ باکس‘ میں کچھ چندہ دیتی ہوئی بھی نظر آئیں، جو کہ ’چندہ چوری‘ سے متعلق کیے گئے ڈرامہ کا ایک حصہ تھا۔ بعد میں چندہ والا یہ باکس سنیاسی بنے پپو یادو کے پاس پہنچا جو مزاحیہ انداز میں مبینہ طور پر چندہ چوری کرتے ہوئے دکھائی دیے۔