بی جے پی - آر ایس ایس کی نیت جان چکا ہے ملک کا نوجوان : پرینکا
نئی دہلی، 30 جولائی (یو این آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کچھ بھی کوشش کر لیں، کوئی بھی طعنہ دیں، لیکن ملک کا نوجوان ان کا سچ اور ان کی نیت کو جان چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو پہلے بی جے پی - آر ایس ایس کی حقیقت کا پتہ نہیں تھا، انہیں اب ان کی سچائی سمجھ میں آ چکی ہے۔ ان کی نیت کو پورا ملک اور نوجوان سمجھ چکے ہیں۔
محترمہ واڈرا نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں سے کہا کہ ملک کی آزادی کی لڑائی، سچائی اور عدم تشدد کے اصولوں پر مبنی تھی لیکن اس میں آر ایس ایس کا کوئی تعاون نہیں تھا۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ چاہے کتنی بھی نفرت، تشدد اور پھوٹ ڈالنے کی کوشش کر لیں، لیکن وہ ملک کی روح سے بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کو کبھی نہیں نکال سکتے۔