Jadid Khabar

بہار سے بنگال تک شدید بارش سے معمولات زندگی درہم برہم

Thumb

 
ملک کی مختلف ریاستوں میں اس وقت مانسون پوری طرح سرگرم ہے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 30 جولائی سے 4 اگست تک شمالی، وسطی، مشرقی، مغربی اور جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ راجدھانی دہلی میں 30 جولائی کے لیے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق جمعرات کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجۂ حرارت 25 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ دن بھر آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور ہلکی سے درمیانی درجہ کی بارش کے آثار ہیں۔ دہلی میں 4 اگست تک بارش جیسا موسم برقرار رہنے کا اندازہ ہے۔
30 جولائی سے 4 اگست کے درمیان ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور جموں و کشمیر میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ ان ریاستوں میں کئی مقامات پر شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مسلسل بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ وہیں ہریانہ، پنجاب، چنڈی گڑھ، مغربی اور مشرقی اتر پردیش اور راجستھان کے کئی حصوں میں بھی مختلف دنوں میں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔
مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور ودربھ میں 2 اگست تک موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے بعض علاقوں میں شدید بارش کے ساتھ 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور آسمانی بجلی گرنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ خاص طور پر مغربی مدھیہ پردیش، ودربھ اور چھتیس گڑھ میں انتہائی شدید بارش کے پیش نظر محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، مغربی بنگال اور انڈمان و نکوبار جزائر میں آئندہ چند دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بہار میں 31 جولائی سے 4 اگست تک موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ اڈیشہ اور ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال و سکم میں بھی کئی مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ ان ریاستوں میں اب تک ہوئی بارش نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے، مزید بارش کے امکان نے عوام اور انتظامیہ میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بھی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کونکن-گوا، گجرات، سوراشٹر-کچھ، وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں بھی مستقل بارش ہو رہی ہے اور آئندہ چند دنوں تک تیز بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ وہیں جنوبی ہندوستان کے کیرلم، ساحلی کرناٹک، تلنگانہ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، لکشدیپ اور پڈوچیری میں بھی گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کئی علاقوں میں 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ اڈیشہ، مغربی بنگال اور آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں میں 30 جولائی تک 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے اور ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ موسلادھار بارش کے دوران پانی بھرے علاقوں میں جانے سے گریز کریں، آسمانی بجلی چمکنے کے وقت کھلے مقامات پر نہ ٹھہریں اور محکمۂ موسمیات کی تازہ وارننگ پر نظر رکھیں۔ پہاڑی ریاستوں کا سفر کرنے والے لوگوں کو بھی اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔