سکھوندر سکھو شمالی ہندوستان کے سب سے امیر وزیر اعلیٰ، دوسرے نمبر پر نائب سنگھ سینی، اے ڈی آر رپورٹ میں ہوا انکشاف
ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس (اے ڈی آر) کے ذریعہ کیے گئے ایک تفصیلی تجزیے میں ملک بھر کے وزرائے اعلیٰ کی آمدنی اور جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق شمالی ہندوستان کے وزرائے اعلیٰ میں ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو سب سے زیادہ جائیداد کے مالک ہیں، جبکہ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی اس فہرست میں دوسرے مقام پر ہیں۔
ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کے کل اثاثوں کا تخمینہ تقریباً 7 کروڑ 81 لاکھ روپے ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان پر تقریباً 22 لاکھ روپے کا قرض بھی ہے۔ وہ ایک پوسٹ گریجویٹ ہیں اور ان کی خود کی سالانہ آمدنی تقریباً 17 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ وہ ایک کنٹریکٹر پنشنر کے طور پر بھی درج ہیں۔ دوسری جانب ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی کے کل اثاثے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے ہیں۔ ان پر تقریباً 74 لاکھ روپے کا قرض ہے۔ وہ ایک گریجویٹ ہیں اور ان کی خود کی سالانہ آمدنی تقریباً 13 لاکھ روپے ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سینی ایک اسٹون کرشر کے مالک بھی ہیں۔
اس فہرست میں تیسرے مقام پر دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا ہیں۔ ان کے کل اثاثے 5 کروڑ 31 لاکھ روپے ہیں، جبکہ ان پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا قرض ہے۔ ایک گریجویٹ پروفیشنل اور پیشے سے وکیل ریکھا گپتا کی خود کی سالانہ آمدنی تقریباً 6 لاکھ روپے ہے۔ واضح رہے کہ یہ تجزیہ وزرائے اعلیٰ کی مالی حالت پر روشنی ڈالتا ہے اور عوام کو ان کے نمائندوں کے اثاثوں کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے۔ یہ رپورٹ اے ڈی آر کے ذریعہ باقاعدہ طور پر شائع کی جاتی ہے تاکہ شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے کل اثاثے 4 کروڑ 64 لاکھ روپے ہیں اور ان پر 47 لاکھ روپے کا قرض ہے۔ وہ پوسٹ گریجویٹ ہیں اور ان کی ذاتی آمدنی تقریباً 1.80 لاکھ روپے ہے۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے کل اثاثے ایک کروڑ 97 لاکھ روپے ہیں، ان پر 30 لاکھ روپے کا قرض ہے۔ وہ 12ویں پاس ہیں اور ان کی ذاتی آمدنی تقریباً 18 لاکھ روپے ہے۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے کل اثاثے ایک کروڑ 54 لاکھ روپے ہیں۔ وہ گریجویٹ ہیں اور ان کی ذاتی آمدنی تقریباً 13 لاکھ روپے ہے۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کے کل اثاثے ایک کروڑ 46 لاکھ روپے ہیں۔ ان پر 46 لاکھ روپے کا قرض ہے۔ ان کی ذاتی آمدنی تقریباً 6 لاکھ روپے ہے۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے کل اثاثے سب سے کم بتائے گئے ہیں۔ ان کے اثاثے تقریبا 55 لاکھ روپے ہیں اور ان پر کوئی قرض نہیں ہے۔ ان کی ذاتی آمدنی تقریباً 14 لاکھ روپے ہے۔