Jadid Khabar

دیپکے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر بیٹھے

Thumb

نئی دہلی، 18 جولائی (یو این آئی) مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے مطالبے کے ساتھ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ماہرِ تعلیم سونم وانگچک کو دہلی پولیس کی جانب سے جنتر منتر سے ہٹا کر ہسپتال میں داخل کروائے جانے کے بعد کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی صدر ابھیجت دیپکے نے بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسٹر دیپکے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس کا اعلان کرتے ہوئے لکھا، "میں اب سے غیر معینہ مدت کے لیے بھوک ہڑتال شروع کر رہا ہوں۔ تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ پیچھے نہ ہٹیں۔ یہ تحریک ابھی اور بڑی ہونے والی ہے۔ انہوں نے وانگچک سر کو ہٹا کر بہت بڑی غلطی کی ہے۔ میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ جنتر منتر آئیں۔ ہماری تحریکیں یہیں سے آگے بڑھیں گی۔" اس سے قبل سی جے پی کے بانی نے بھوک ہڑتال کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ 20 جولائی کو ہونے والا پارلیمنٹ مارچ پہلے سے طے شدہ طریقے سے ہی ہوگا۔

قابلِ ذکر ہے کہ دہلی پولیس نے ہفتہ کی صبح مسٹر وانگچک کی بگڑتی ہوئی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں جنتر منتر سے ہٹا کر صفدر جنگ ہسپتال میں داخل کروایا ہے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ دہلی ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ایسا کیا گیا ہے۔ پولیس نے مظاہرین سے جنتر منتر خالی کرنے کی اپیل کی ہے۔