Jadid Khabar

چین میں لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، متعدد رہائشی عمارتیں ملبے میں دبیں، 8 افراد ہلاک

Thumb

چین کے جنوب مغربی شہر چونگ کنگ میں جمعہ کے روز لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 8 افراد ہلاک اور 34 لاپتہ ہو گئے۔ اس حادثے میں کئی رہائشی عمارتیں ملبے میں دب گئی ہیں۔ 1100 سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق 10 افراد کو زندہ نکالا گیا ہے، ان میں 2 افراد کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔ سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ نے بتایا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9:08 بجے کے قریب چونگ کنگ کی پینگشوئی کاؤنٹی میں چٹانیں اور مٹی کے تودے ایک پہاڑی سے نیچے کھسک گئے، جس کی وجہ سے 10 سے زیادہ رہائشی عمارتیں ملبے میں دب گئیں۔

لینڈ سلائیڈنگ والے مقام کے ایک کلو میٹر کے دائرے میں پانی، بجلی اور گیس کی سپلائی روک دی گئی ہے، تاکہ اور کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ حادثہ کے بعد 800 سے زیادہ امدادی کارکن موقع پر موجود تھے اور راحت رسانی کی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔ نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کے ذریعہ جاری تصاویر میں پہاڑ کا ایک حصہ رہائشی علاقے میں گرتا ہوا دیکھا گیا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے مقام کے قریب کئی عمارتیں موجود ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لینڈسلائیڈ اس قدر تیز تھی کہ کچھ افراد بھاگنے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور ملبے میں دب گئے۔
چین کے صدر شی جنپنگ نے اس لینڈسلائیڈ واقعہ کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ ’شنہوا‘ نیوز ایجنسی کے مطابق ملبے میں پھنسے 18 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ بڑے پیمانے پر چٹانیں اور مٹی کے تودے نیچے گر گئے ہیں، جس کی وجہ سے 10 سے زیادہ رہائشی عمارتیں ملبے تلے دب گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 5 سے لے کر 15 منزلہ کچھ عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔