Jadid Khabar

سونم وانگچک کو بھوک ہڑتال کے مقام سے زبردستی ہٹانا انتہائی قابلِ مذمت: اکھلیش یادو

Thumb

لکھنؤ، 18 جولائی (یو این آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو مبینہ طور پر بھوک ہڑتال کی جگہ سے زبردستی ہٹائے جانے کے واقعے کی ہفتہ کے روز مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی طبی دیکھ بھال عدالتی نگرانی میں ہونی چاہیے۔
مسٹر یادو نے 'ایکس' پر جاری ایک بیان میں کہا کہ "سونم وانگچک کو زورزبردستی انکی بھوک ہڑتال  کی جگہ سے اٹھا کر کے لے جانا ''انتہائی قابلِ مذمت'' ہے۔ واقعے کی خبر ملک اور دنیا میں پھیل چکی ہے اور اسے لے کر لوگوں میں تشویش اور غصہ ہے۔" سماجوادی پارٹی سربراہ نے مطالبہ کیا کہ کارروائی کو انجام دینے والے سادہ وردی میں موجود لوگوں کی شناخت عام کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سونم وانگچک کی طبی دیکھ بھال عدالتی نگرانی میں ہونی چاہیے کیونکہ ان کی زندگی ''انسانیت، ماحولیاتی تحفظ، جمہوری اقدار، نوجوانوں کی توانائی، سائنس اور جدت طرازی'' کے لیے اہم ہے۔
مسٹر یادو نے الزام لگایا کہ اس واقعے سے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے انسانی اور جمہوری تشخص کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور دنیا بی جے پی حکومت کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ سماجوادی پارٹی صدر نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے کبھی مہاتما گاندھی اور ان کے گاندھیائی   طریقوں پر یقین نہیں کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی سیاست مکالمے کے بجائے تنازع پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جہاں بھی اتحاد، ہم آہنگی اور جمہوری تحریکوں کو دیکھتی ہے، وہاں انہیں کمزور کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ تاہم، انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئی نسل ڈیجیٹل ذرائع سے نظریاتی یکجہتی قائم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔