ریا کی طرح پیپر لیک نے کئی خاندانوں سے ان کے بچے چھینے: راہل
نئی دہلی، 18 جولائی (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ پیپر لیک نے متعدد خاندانوں سے ان کے بچے چھین لیے ہیں اور آگے ایسا نہ ہو اس کے لیے اب امتحانی نظام کو نئے سرے سے منظم کرنے کی ضرورت ہے۔
مسٹر گاندھی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا 'ایکس' پر پیپر لیک کی وجہ سے تناؤ میں آکر خودکشی کرنے والی ریا کے والد راجیش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کو کھونے کے بعد وہ اس طرح ٹوٹ چکے ہیں کہ انہیں دیکھنے اور ان سے ملنے والے ہر شخص کی آنکھیں بھر آتی ہیں۔ ان کی حالت دیکھ کر یہی کہا جا سکتا ہے کہ بچوں کو تناؤ نہیں بلکہ تحفظ ملے اور والدین کو ان کی قربانی کا پھل ملے، آنسو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خاندان کا درد نہیں ہے، بلکہ پیپر لیک نے ایسے کئی خاندانوں کو گہرے زخم دیے ہیں۔ ہر نام کے پیچھے ایک ماں اور ایک باپ ہیں، جن کے لیے اب کوئی کل نہیں بچا۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ امتحانی نظام کو اس طرح بدلنا ہوگا کہ نوجوانوں کا مستقبل محفوظ رہے اور والدین کو اپنے بچوں کے خوابوں کے ٹوٹنے کا دکھ نہ سہنا پڑے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ریا کے والد راجیش جمعہ کو دہرادون میں مسٹر گاندھی کے 'طلبہ کی گونج' پروگرام میں آئے تھے اور انہوں نے اسٹیج پر کانگریس لیڈر کے سامنے اپنا درد اس طرح رکھا کہ وہ خود انتہائی جذباتی ہو گئے جسے دیکھ کر کئی لوگوں کی آنکھیں چھلک آئی تھیں۔