Jadid Khabar

مغربی بنگال میں خوفناک حادثہ، ٹرین اور اسکول وین کے درمیان شدید ٹکر، 2 بچوں سمیت 3 افراد کی موت

Thumb

 
مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع میں خوفناک ٹرین حادثہ میں کم از کم 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ واقعہ ایک ٹرین سے اسکول وین کی ٹکر کا ہے، جس میں کئی اسکولی بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ گووند پور ریلوے کراسنگ پر اس وقت پیش آیا جب اسکولی بچوں کو لے جا رہی ایک وین پٹری پار کرنے کی کوشش کر رہی تھی، تبھی تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ گئی۔ ٹرین اور اسکولی وین کی اس شدید ٹکر کی زد میں ایک سائیکل سوار بھی آ گیا۔ زخمی سائیکل سوار کو علاج کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق مرشد آباد کے گووند پور ریلوے کراسنگ پر ہوئے حادثہ میں 2 اسکولی بچوں اور ایک بزرگ کی موت ہوئی ہے۔ حادثہ کے وقت گاڑی میں کئی اسکولی بچے سوار تھے۔ جیسے ہی بچوں کو لے کر گاڑی ریلوے کراسنگ پار کرنے لگی، اسی وقت تیز رفتار سے آ رہی ٹرین نے ٹکر مار دی۔ یہ ٹکراؤ اس قدر شدید تھی کہ گاڑی میں سوار بیشتر بچے زخمی ہو گئے۔ کم از کم 5 زخمی بچوں کے اسپتال میں داخل کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
حادثہ کے بعد جائے وقوع پر افرا تفری مچ گئی۔ مقامی لوگ فوراً مدد کے لیے وہاں پہنچے اور زخمی بچوں کو اسپتال لے جایا گیا۔ سنگین طور سے زخمی بچوں کو بہرامپور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی ریلوے پولیس اور مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچی۔ دونوں ہی پولیس فورسز اس حادثے کی جانچ میں مصروف ہو گئی ہیں۔ پولیس یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ریلوے کراسنگ پار کرتے وقت آخر یہ حادثہ کس طرح ہوا۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ پرائیویٹ اسکول کے بچوں کو لے جا رہی اسکولی وین جب ریلوے کراسنگ کو پار کر رہی تھی، تب کراسنگ کا گیٹ کھلا ہوا تھا۔ اسی وقت نمتیتا-کاٹویا پسنجر ٹرین تیز رفتار سے آ گئی اور اسکولی وین سے ٹکرا گئی۔ اس ٹکر کے بعد اسکولی وین اچھل کر دوسری طرف جا گری۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے وقت اسکولی وین میں ڈرائیور سمیت 8 لوگ سوار تھے، جو وین سے نکل کر باہر گرے۔ انہی 8 میں سے 2 بچوں سمیت 3 کی موت ہوئی ہے، جبکہ 5 دیگر زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔