Jadid Khabar

راہل گاندھی کی قیادت میں اٹھ رہی 'چھاتروں کی گونج' سے بی جے پی حکومت خوفزدہ ہے: گہلوت

Thumb

جے پور، 16 جولائی (یواین آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف  راہل گاندھی کی قیادت میں اٹھ رہی چھاتروں  کی گونج سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت خوفزدہ ہے۔
مسٹرگہلوت نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پہلے کوٹہ میں مسٹرگاندھی کی 'چھاتروں کی گونج' پروگرام کو لے کر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، تعلیمی اداروں پر دباؤ بنایا گیا، اب اتراکھنڈ میں بھی اسی طرح بی جے پی کی طرف سے خلل ڈالنے کی کوششیں کی گئیں، لیکن کوٹہ کا پروگرام انتہائی کامیاب رہا تھا اور اسی وجہ سے بی جے پی بوکھلائی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہرادون میں بھی مسٹرگاندھی سے ملنے اور انہیں سننے کے لیے نوجوان اور طلبہ پرجوش ہیں اور جگہ تبدیل ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت کی حرکتوں کو پورا ملک دیکھ رہا ہے، طلبہ میں شدید غصہ ہے لیکن پھر بھی حکومت عوام کا مزاج نہیں سمجھ رہی ہے۔ یہ پروگرام تو طلبہ کے مستقبل کو لے کر اٹھنے والی تشویش کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرا رہا ہے، بی جے پی حکومت کی طرف سے نوجوانوں کو اس طرح اکسانا بالکل غیر ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ دہرادون سے اٹھنے والی یہ گونج دہلی میں بیٹھے حکمرانوں کے کانوں میں گونجے گی۔