اتراکھنڈ کے طلبہ پیپر لیک کے خلاف 'چھاتروں کی گونج' سے جڑے: راہل
نئی دہلی، 16 جولائی (یواین آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ 17 جولائی کو دہرادون میں ہوں گے کیونکہ اتراکھنڈ کو پیپر لیک کا 'مرکز' بنا دیا گیا ہے۔
مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ ریاست میں بھرتی امتحانات میں ایسا نظام تیار ہو گیا ہے جہاں پٹواری، لیکھ پال اور دیگر عہدے قابلیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ مجرموں کے طے کردہ داموں پر ملتے ہیں۔
کانگریس رہنما نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پیغام میں کہا کہ حکومت نے سخت انسدادِ نقل قانون بنایا، اس کے باوجود پیپر لیک ہوتے رہے۔ یہ قانون صرف کاغذات تک محدود رہا اور سوالنامے بازار میں بکتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ برسوں محنت کرنے والے نوجوانوں کا حق چھین لیا گیا ہے اور کسی دوسرے نے پیسے دے کر ان کی نوکری خرید لی۔ یہ صرف پیپر لیک نہیں، بلکہ نوجوانوں کے روزگار اور مستقبل کی چوری ہے۔ مسٹر گاندھی نے اتراکھنڈ کے طلبہ اور مسابقتی امتحانی امیدواروں سے اس لڑائی میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے 17 جولائی کو دہرادون میں منعقد ہونے والے 'چھاتروں کی گونج' پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'مستقبل نیلام نہیں ہونے دیں گے، خوابوں کو لیک نہیں ہونے دیں گے۔'