شہریت کا فیصلہ منصفانہ عمل سے ہونا چاہیے: سپریٹ کورٹ
نئی دہلی، 13 جولائی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے پیر کو شہریت اور غیر ملکی ہونے کے درجے سے جڑے معاملات کو 'منصفانہ، قانونی اور مناسب' عمل کے ذریعے حل کرنے کا فیصلہ سناتے ہوئے گوہاٹی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو منسوخ کر دیا، جس میں آسام میں 27 لوگوں کو غیر ملکی قرار دینے کے احکامات دیے گئے تھے۔
جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا کی بنچ نے تمام 27 اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے معاملات کو دوبارہ سماعت کے لیے متعلقہ فارنرز ٹریبونل (غیر ملکی ٹریبونل) کے پاس واپس بھیج دیا۔ عدالت نے شہریت کو آئینی طور پر بہت اہم معاملہ بتاتے ہوئے اس کے تعین میں منصفانہ رویے اور مناسب قانونی عمل کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کی بات کہی۔
عدالت نے یہ بھی مانا کہ غلط دعووں یا قانونی عمل کے غلط استعمال کے ذریعے ہندستانی شہریت کے غیر قانونی دعووں کو روکنے میں ریاست کی قانونی دلچسپی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ یہ مقصد عمل کی انصاف پسندی کی قیمت پر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
اپنی بات کو واضح کرتے ہوئے بنچ نے کہا، "ہم نے اپیل کرنے والوں کے شہریت کے دعووں کی سچائی کی جانچ نہیں کی ہے اور نہ ہی ان کے دکھائے گئے کسی دستاویز کی اصلیت، اسے ماننے یا نہ ماننے، اس کی اہمیت یا کافی ہونے پر کوئی رائے دی ہے۔ ان سوالات پر متعلقہ ٹریبونل کو ہی آزادانہ طور پر فیصلہ کرنا ہوگا۔" بنچ نے یہ بھی واضح کیا کہ معاملے کو واپس بھیجنے کا مطلب اپیل کرنے والوں کو کوئی خاص راحت دینا نہیں مانا جانا چاہیے۔
عدالت نے کہا کہ معاملات کو واپس بھیجنے کا مقصد اپیل کرنے والوں کو فائدہ پہنچانا نہیں ہے بلکہ یہ یقینی بنانا ہے کہ کسی شخص کو غیر ملکی قرار دینے کا عمل قانون اور آئینی اصولوں کے مطابق منصفانہ سماعت کے بعد ہی ہو۔ سپریم کورٹ نے گوہاٹی ہائی کورٹ کے فیصلوں اور متعلقہ فارنرز ٹریبونل کی رائے کو منسوخ کر دیا اور ٹریبونل کو اپنے پرانے نتائج یا ہائی کورٹ کے تبصروں سے متاثر ہوئے بغیر معاملات پر نئے سرے سے فیصلہ کرنے کی ہدایت دی۔