رام مندر چڑھاوا کی تفصیل عام کرے ٹرسٹ: کانگریس
نئی دہلی، 08 جولائی (یو این آئی) کانگریس نے رام مندر ٹرسٹ سے آمدنی و خرچ کی پوری تفصیلات عام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کروڑوں لوگوں کی آستھا سے جڑے ادارے میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
کانگریس کے ترجمان شکتی سنگھ گوہل نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مندر میں چڑھاوے، آڈٹ رپورٹ، سی سی ٹی وی نظام اور زمین کی خریداری سے جڑے کئی سنگین سوالات کے جواب اب بھی نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سال 2023 سے 2025 کی آڈٹ رپورٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا ذکر ہونے کے باوجود ان پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر کروڑوں لوگوں کی آستھا کا مرکز ہے، اس لیے ٹرسٹ کو چڑھاوے سے حاصل رقم، اس کے استعمال اور خرچ کا پورا حساب کتاب عام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مندر میں چڑھاوا چوری کے جو الزامات لگے ہیں ان سب کی غیر جانبدارانہ جانچ کرانا بھی ضروری ہے۔
کانگریس کے ترجمان نے الزام لگایا کہ مذہبی آستھا کا سیاسی فائدے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے اور ٹرسٹ کے کام کاج میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جانی چاہیے۔