Jadid Khabar

مودی نے ایچ پی سی ایل راجستھان ریفائنری قوم کے نام وقف کی

Thumb

بالوترا، 4 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو راجستھان کے بالوترا ضلع کے پچ پدرا میں ملک کے پہلے گرین فیلڈ انٹیگریٹڈ ریفائنری کم پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو قوم کے نام وقف کیا۔
اس موقع پر مسٹرمودی نے ریموٹ کے بٹن کو دبا کرریفائنری سمیت  تقریباً 1.06 لاکھ کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح  اور سنگ بنیاد رکھا۔ ۔ ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی سی ایل) اور حکومت راجستھان کے  مشترکہ منصوبے کے طور پر تیار، 90 لاکھ ٹن سالانہ (ایم ایم ٹی پی اے) کی صلاحیت والے اس گرین فیلڈ ریفائنری-کم-پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کا قیام تقریباً 80 ہز ارکروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے کیا گیا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے جے پور میٹرو ریل پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جس پر مجموعی طور پر 13 ہزار کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ دوسرے مرحلے کے تحت پرہلادپورا سے توڑی موڑ تک 41 کلومیٹر طویل شمال-جنوب میٹرو کوریڈور تعمیر کیا جائے گا، جو سیتاپورا اور وشوکرما انڈسٹریل ایریا (وی کے آئی) کے صنعتی اور رہائشی علاقوں کو 36 اسٹیشنوں کے ذریعے جوڑے گا۔ یہ کوریڈور سیتاپورا انڈسٹریل ایریا، وی کے آئی، جے پور ہوائی اڈہ، ٹونک روڈ، ایس ایم ایس اسپتال، ایس ایم ایس اسٹیڈیم، امبا باڑی اور ودیادھر نگر سمیت اہم مقامات کو جوڑے گا۔ اس منصوبے سے جے پور کے اہم صنعتی اور رہائشی علاقوں کے درمیان رابطہ نمایاں طور پر بہتر ہوگا اور شہریوں کو تیز، محفوظ اور زیادہ سہولت بخش عوامی نقل و حمل میسر آئے گی۔ پہلے مرحلے کے تحت، 11 اسٹیشنوں والا 11.64 کلومیٹر طویل میٹرو کوریڈورپہلے سے ہی فعال ہے۔