Jadid Khabar

یورپ کے بعد قیامت خیز گرمی کا رُخ امریکا کی جانب، وارننگ جاری

Thumb

واشنگٹن، 30 جون (یو این آئی) دنیا کے مختلف خطوں میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے اور یورپ کے بعد امریکہ بھی زد میں آ گیا ہے۔ 
امریکی نیشنل ویدر سروس نے وسطی اور مشرقی ریاستوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ 
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی یہ لہر کئی دن برقرار رہ سکتی ہے اور صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔  حکام کے مطابق شدید گرمی امریکہ میں سب سے جان لیوا موسمی خطرات میں شمار ہوتی ہے، جبکہ مغربی امریکہ میں جنگلات میں آگ لگنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔  
واضح رہے کہ یورپ میں جاری ہیٹ ویو کے باعث ایک ہفتے کے دوران 1300 سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں، اس وقت بھی فرانس، اسپین اور اٹلی سمیت کئی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔  عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید گرمی کی لہریں اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ تواتر سے آنے لگی ہیں۔