Jadid Khabar

ایران نے آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے مودی کومدعوکیا

Thumb

نئی دہلی 24 جون (یو این آئی) ایران نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جولائی کے پہلے ہفتے میں ہونے والے جنازے میں شرکت کے لیے باضابطہ مدعوکیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسٹر مودی کو ایران کے صدر مسعود پیزشکیان کی جانب سے مدعوکیاگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا، "ایران کے صدر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے باضابطہ مدعوکیا ہے۔" تاہم یہاں حکومت کی جانب سے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر رہے خامنہ ای کے جنازے کی رسم چار جولائی کو شروع ہوگی اور نو جولائی کو شمال مشرقی ایران کے مقدس شہر مشہد میں انہیں دفن کیے جانے کے ساتھ ختم ہوگی۔ مشہد ان کا آبائی شہر بھی تھا۔ ایران کے 86 سالہ لیڈر کی گزشتہ 28 فروری کو تہران پر اسرائیل اور امریکہ کے فضائی حملوں کے پہلے دن ہی موت ہو گئی تھی۔ انہوں نے 36 برسوں تک ایران کے سپریم لیڈر کے طور پر کام کیا۔ ان کی تدفین  اس وقت نہیں ہو سکی تھی کیونکہ تینوں ممالک کے درمیان اس وقت جنگ ہو رہی تھی۔
جنازے کا عمل چار جولائی کو تہران کے گرینڈ امام خمینی مصلیٰ میں الوداعی تقریب کے ساتھ شروع ہوگا۔ تہران میں مرکزی جنازے کا جلوس چھ جولائی کو مقرر ہے، جس کے دوران شہید لیڈر کے ساتھ چار دیگر شہداء-ڈاکٹر مصباح الہدیٰ بغیری، سیدہ بشریٰ حسینی خامنہ ای، زہرا حداد عادل اور زہرا محمدی گلپائیگانی-کے جسد خاکی کو بھی لے جایا جائے گا۔ سات جولائی کو مقدس شہر قم میں جنازے کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جہاں سپریم لیڈر کی  نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
اس کے بعد، عراقی قبائل، علماء، معززین اور سیاسی و مذہبی شخصیات کی درخواست پر یہ جلوس آٹھ جولائی کو عراق لے جایا جائے گا۔ نجف اور کربلا شہروں میں جنازے سے متعلق رسمیں ادا کی جائیں گی، اور مخصوص وقت و مقامات کے اعلان کی ذمہ داری عراقی حکومت کی ہوگی۔ سپریم لیڈر کو دفنانے کا کام نو جولائی کو-جو امام سجاد کی شہادت کی رات کے ساتھ میل کھاتا ہے-مشہد میں امام رضا درگاہ میں مقرر ہے۔ دنیا بھر کے لیڈر، بااثر شخصیات اور سرکاری وفود مرحوم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ پروگرام کے وقت اور مقام کی معلومات ایران کی وزارت خارجہ جاری کرے گی۔