شیئر بازاروں میں تیزی، سینسیکس 291 پوائنٹس چڑھا
ممبئی، 22 جون (یواین آئی) گزشتہ کاروباری دن کی گراوٹ سے سنبھلتے ہوئے ملکی شیئر بازاروں میں پیر کے روز تیزی دیکھی گئی اور بی ایس ای کا سینسیکس 291.17 پوائنٹس (0.38 فیصد) بڑھ کر 77,094.07 پوائنٹس پر بند ہوا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی-50 انڈیکس بھی 89.80 پوائنٹس یعنی 0.37 فیصد اضافے کے ساتھ 24,102.90 پوائنٹس پر بند ہوا۔
امریکہ اور ایران کے درمیان حتمی امن معاہدے کے لیے جاری مذاکرات میں پیش رفت کی خبروں سے بازار میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت ملی ہے۔
وسیع تر بازار میں بھی تیزی رہی۔ نفٹی مڈکیپ-50 انڈیکس 0.37 فیصد اور اسمال کیپ-100 انڈیکس 0.60 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔
ایف ایم سی جی اور پائیدار صارفین کی مصنوعات کے شعبوں کے علاوہ دیگر تمام سیکٹروں کے اشاریے سبز نشان میں رہے۔ سب سے زیادہ تیزی میڈیا، فارما اور صحت کے شعبوں میں دیکھی گئی۔ ان کے بعد تیل و گیس اور آئی ٹی سیکٹر کا نمبر رہا۔
سینسیکس میں شامل کمپنیوں میں ٹیک مہندرا کا شیئر تقریباً دو فیصد چڑھ گیا۔ سن فارما، ریلائنس انڈسٹریز، انفوسس اور بی ای ایل کے شیئروں میں بھی ایک فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔ بجاج فنسرو، کوٹک مہندرا بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک، بجاج فنانس، اسٹیٹ بینک آف انڈیا، بھارتی ایئرٹیل اور آئی سی آئی سی آئی بینک کے شیئر بھی سبز نشان میں بند ہوئے۔
دوسری جانب ایشین پینٹس کا شیئر دو فیصد سے زیادہ گر گیا، جبکہ ٹائٹن میں ایک فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی۔ پاور گرڈ، ٹرینٹ، آئی ٹی سی، ایٹرنل، ہندوستان یونی لیور اور اڈانی پورٹس کے شیئر بھی خسارے میں رہے۔