ایس پی کے لیے سیفئی ہی خاندان، جبکہ میرے لیے پوری ریاست ایک خاندان ہے: یوگی
اناؤ، 18 جون (یواین آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو کہا کہ سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے لیے سیفئی ہی گھر اور خاندان ہے، جبکہ ان کے لیے پورا صوبہ گھر ہے اور 25 کروڑ عوام خاندان کے افراد ہیں۔
یوگی نے یہاں 570 کروڑ روپے سے زائد کے 101 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ اس دوران انہوں نے ایک نمائش کا مشاہدہ کیا اور بچوں کی اَنّ پراشن کی رسم بھی ادا کرائی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ شہیدِ گلاب سنگھ لودھی کی یاد میں قائم پولیس ٹریننگ اسکول کی گنجائش دوگنی کر دی گئی ہے۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ 12 سال میں ملک اور 9 سال میں اتر پردیش میں ڈبل انجن حکومت نے جو کام کیا، وہ کانگریس اور ایس پی نہ کر سکیں۔ یہ بدعنوان اور صلاحیت سے محروم لوگ صرف اپنے خاندان کے بارے میں سوچتے تھے۔ کانگریس نے نہرو-گاندھی خاندان سے باہر کبھی نہیں سوچا اور سماجوادی پارٹی کے لیے سیفئی ہی سب کچھ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی نے ہندستان کو اپنا گھر اور 140 کروڑ عوام کو اپنا خاندان سمجھا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایس پی کی حکومت میں مافیا کی ویسی ہی دہشت تھی جیسا رامائن کے دور میں خر - دوشن کا تھا۔ کانگریس اور ایس پی کے لیڈر کبھی غریبوں کے لیے نہیں روئے، ان کے آنسو صرف مافیا کے مرنے پر نکلتے ہیں۔ طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے کے باوجود یہ دونوں ملک اور ریاست کی بدحالی کی ذمہ دار ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اناؤ اب اسٹیٹ کیپیٹل ریجن کا حصہ بن چکا ہے۔ لکھنؤ سے اناؤ ہوتے ہوئے کانپور تک ریپڈ ریل منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ گنگا ایکسپریس وے سے اناؤ کو لکھنؤ کو بائی پاس کرکے براہِ راست دہلی اور پریاگ راج جا سکیں گے۔ کانپور کے لیے گرین فیلڈ ایکسپریس وے بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ گنگا ندی پر اناؤ اور کانپور کے درمیان رابطے کے لیے ایک اضافی پل کی مانگ بھی پوری کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپریس ویز اور ہوائی اڈوں کی رابطہ سہولت کے معاملے میں اتر پردیش سب سے آگے ہے۔ گنگا ایکسپریس وے کی رائڈنگ کوالٹی دنیا کی سب سے اچھی سڑکوں جیسی ہے۔ اس کے افتتاح کے لیے وزیر اعظم کو اناؤ اور ہردوئی کے درمیان مدعو کیا گیا ہے۔