نئی دہلی، 03 جون (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) نے کہا ہے کہ مودی حکومت میں ملک کے معاشی حالات اتنے ابتر ہو چکے ہیں کہ حکومت کو اب ملک کا سونا بیچنا پڑ رہا ہے۔
عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال سمیت پارٹی کے کئی سینئر رہنماؤں نے ملک کا سونا بیچنے پر نہ صرف مودی حکومت پر تندوتیز حملہ بولا ہے، بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملک کے معاشی حالات بھی عوام کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کو شیئر کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ گزشتہ 76 سال میں کئی ایسے مواقع آئے جب ملک مشکل حالات میں تھا لیکن ملک کا سونا تو کبھی نہیں بیچا گیا۔ اس کا مطلب حالات بہت زیادہ خراب ہیں؟ حکومت کچھ بتاتی کیوں نہیں؟ ملک کے کیا حالات ہیں؟ مودی جی کہتے ہیں کہ وہ تو جھولا اٹھا کے چل دیں گے۔ پر ہمیں تو یہیں رہنا ہے، اسی دیش میں رہنا ہے۔
عآپ کے سینئر رہنما منیش سسودیا نے کہا کہ کچھ دن پہلے تک ملک کو سمجھایا جا رہا تھا کہ سونا مت بیچو، سونا مستقبل کا تحفظ ہے۔ اب بلومبرگ کی اس رپورٹ میں انکشاف ہو رہا ہے کہ وزیر اعظم نے خود ہی ملک کا سونا بیچ ڈالا۔ اگر ملک کو چلانے کے لیے سونے کا ذخیرہ بیچنے کی مجبوری جیسے حالات بن گئے ہیں، جو ہندوستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، تو ملک کو صاف صاف بتایا جانا چاہیے کہ معاشی حالات کیا ہیں۔ حکومت سامنے آئے اور سچ بتائے۔ دیش کو پرچار نہیں، شفافیت چاہیے۔
وہیں، عآپ کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے سوشل میڈیا ایکس پر کہا، "ریل، سیل، تیل، کوئلہ، گیس، پورٹ، ائیرپورٹ، اور آپ کا پیپر بیچنے کے بعد، آزاد ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار مسٹر مودی نے ایک لاکھ 14 ہزار کروڑ کا ملک کا سونا بھی بیچ دیا۔ ملک کی معاشی حالت انتہائی سنگین ہے۔ مسٹر مودی تو جھولا لے کر چل دیں گے، آپ سوچئے آپ کا کیا ہوگا؟"