Jadid Khabar

پردھان کو فوری طور پر وزیر تعلیم کے عہدے سے ہٹائیں مودی: کانگریس

Thumb

نئی دہلی،یکم جون (یو این آئی) کانگریس نے مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ (سی بی ایس ای) کے ڈیجیٹل ایویلیویشن نظام اور مختلف امتحانات میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس معاملے میں سخت کارروائی کرتے ہوئے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانا چاہیے۔

کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ پون کھیڑا نے پیر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ تعلیم کے شعبے میں مودی حکومت کا ریکارڈ تباہ کن رہا ہے اور گزشتہ 12 برسوں میں ملک کے تعلیمی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سی بی ایس ای کا وقار کمزور ہوا ہے، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کو کھوکھلا کیا گیا ہے، یونیورسٹیوں کی خود مختاری متاثر ہوئی ہے اور تعلیمی نظام میں بدامنی بڑھی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ سی بی ایس ای کے آن اسکرین مارکنگ (او ایس ایم) نظام کو مناسب  تیاری کےبغیر اور ماہرین کی وارننگ کے باوجود عجلت میں نافذ کیا گیا، جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ کو دھندلے، نامکمل اور خامیوں سے پُر پرچوں  کے اسکین موصول ہوئے۔ ان کا الزام تھا کہ لاکھوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ نیٹ، یو جی سی-نیٹ، سی یو ای ٹی اور دیگر امتحانات میں سامنے آنے والی بے ضابطگیوں اور مبینہ پیپر لیک کے واقعات نے ملک میں امتحان کے  نظام کی ساکھ پر سنگین سوالیہ نشان لگا دیا ہے لیکن حکومت ان معاملات میں جوابدہی طے کرنے کے بجائے انہیں چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

کانگریس رہنما نے حکومت سے سوال کیا کہ سی بی ایس ای کے ڈیجیٹل ایویلیوشین نظام میں مبینہ خامیاں، ٹینڈر کے عمل میں تبدیلیاں، سائبر سکیورٹی کے معیارات میں مبینہ نرمی اور ٹھیکیدار کمپنی کے انتخاب سے جڑے مسائل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ان سوالات کا جواب دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شعبہ تعلیم میں مسلسل ہونے والی ناکامیوں اور طلبہ کے مستقبل سے جڑے معاملات میں جوابدہی طے نہیں کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے کروڑوں طلبہ اور ان کے سرپرست امتحان کے  نظام میں پھیلی بدامنی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ پون کھیڑا نے کہا کہ ہندوستان کی تعلیمی تاریخ کی سب سے بڑی ادارہ جاتی ناکامیوں میں سے ایک کی ذمہ داری لیتے ہوئے دھرمیندر پردھان کو فوری طور پر عہدہ چھوڑ دینا چاہیے اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو وزیر اعظم کو انہیں کابینہ سے ہٹا دینا چاہیے۔