Jadid Khabar

حکومت آندھی طوفان کے متاثرین کی مدد کرے: مایاوتی

Thumb

لکھنؤ، 16 مئی (یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے اترپردیش میں حالیہ شدید طوفان سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے ریاستی حکومت سے فراخدلی کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، نیز انہوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے پر بھی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
محترمہ مایاوتی نے ہفتہ کو ایکس پر لکھا، "شدید طوفان نے اتر پردیش کے کئی حصوں میں بڑے پیمانے پر جان و مال کی تباہی مچائی ہے۔ ریاستی حکومت کو متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے دل کھول کر آگے آنا چاہیے تاکہ وہ اپنے تباہ شدہ اور بکھرے ہوئے خاندانی زندگی کو سمیٹ کر دوبارہ اپنی زندگی شروع کرسکیں۔"
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 3 روپے کا اضافہ لاکھوں غریبوں، محنت کشوں، کسانوں اور متوسط طبقے کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کرے گا۔ اس مہنگائی کا براہ راست اثر ان سب کے خاندان پر پڑے گا۔ 
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی اور زندگی مشکل بنانے والے اس قسم کے اضافہ کو کم کرنے کے ضروری  بامعنی اقدامات کرنے چاہئیں۔ یہی وقت کی ضرورت ہے۔ 
قابل ذکر ہے کہ منگل کی رات بھدوہی، فتح پور، سون بھدرا اور بداویوں سمیت اتر پردیش کے کئی اضلاع میں آنے والے طوفان سے 54 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔