Jadid Khabar

الیکشن کمیشن نے 16 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام 3 خطوں میں ایس آئی آر کا کیا اعلان

Thumb

 

الیکشن کمیشن نے آج خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے تیسرے مرحلہ کا اعلان کر دیا۔ اس کے تحت ملک کی 16 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام 3 خطوں میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مردم شماری کے تحت چل رہی گھروں کی فہرست بندی عمل کے ساتھ شیئر زمینی نظام کو توجہ میں رکھتے ہوئے ایس آئی آر کے تیسرے مرحلہ کا پروگرام طے کر لیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ایس آئی آر کے تیسرے مرحلہ میں 3.94 لاکھ سے زیادہ بوتھ سطحی افسران 36.73 کروڑ ووٹرس کے گھر جا کر سروے کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے جو نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، اس کے مطابق تیسرے مرحلہ میں جن 16 ریاستوں میں ایس آئی آر کا عمل انجام دیا جائے گا، وہ ریاستیں آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، اڈیشہ، ہریانہ، پنجاب، اتراکھنڈ، جھارکھنڈ، مہاراشٹر، میزورم، منی پور، میگھالیہ، کرناٹک، تلنگانہ، سکم، ناگالینڈ اور تریپورہ ہیں۔ مرکز کے زیر انتظام خطوں میں راجدھانی دہلی کے علاوہ چنڈی گڑھ اور دادر نگر حویلی و دمن-دیو شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایس آئی آر کا تیسرا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ کو چھوڑ کر پورے ملک کا احاطہ ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ میں ووٹر لسٹ کے پروگرام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ان علاقوں میں برف سے ڈھکے خطوں اور موسم کی حالت کو خاص طور سے توجہ میں رکھا جائے گا۔ یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ تیسرے مرحلہ میں دہلی کو شامل کیا جائے گا، جہاں 7 اکتوبر کو حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کا دوسرا مرحلہ 9 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام 3 خطوں میں 4 نومبر 2025 سے شروع ہوا تھا۔ اس مرحلہ میں چھتیس گڑھ، گوا، گجرات، کیرالہ، مدھیہ پردیش، راجستھان، تمل ناڈو، اتر پردیش، مغربی بنگال، پڈوچیری، لکشدیپ، انڈمان و نکوبار الجزائر کا احاطہ کیا گیا تھا۔ ان میں تمل ناڈو، پڈوچیری، کیرالہ اور مغربی بنگال انتخابی ریاستیں تھیں۔ ایس آئی آر کے پہلے مرحلہ کی بات کریں، تو اس میں صرف بہار کے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کا عمل انجام دیا گیا تھا۔