جے پور، 13 مئی (یواین آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر اشوک گہلوت نے ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت سے سوال کیا ہے کہ کیا اب وہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والے پیپر لیک مافیا کو تحفظ دے رہی ہے۔
مسٹر گہلوت نے بدھ کو سوشل میڈیا پر یہ سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ قومی اہلیت و داخلہ امتحان (نیٹ-یو جی) کے پیپر لیک معاملے میں گرفتار ملزم دنیش بنوال بی جے پی کا عہدیدار ہے۔ کیا یہی وجہ ہے کہ راجستھان کی بی جے پی حکومت نے نیٹ-یو جی پیپر لیک کو چھپانے کی کوشش کی اور کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 11 مئی سے ہی کہہ رہے تھے کہ بی جے پی حکومت اس معاملے میں ایف آئی آر کیوں درج نہیں کر رہی ہے۔ اب بی جے پی کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اب بی جے پی حکومت نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والے پیپر لیک مافیا کو تحفظ دے رہی ہے۔
یواین آئی۔الف الف