Jadid Khabar

دردناک کار حادثہ میں ملیالم اداکار سنتوش نایر کا انتقال، بیوی کی حالت نازک

Thumb

ملیالم فلم انڈسٹری کے مشہور و مقبول اداکار سنتوش نایر کا 65 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ سنتوش نایر ایک کار حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے اور بغرض علاج اسپتال میں داخل کیے گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پتھنم تھٹّا واقع ایناتھ کے قریب ان کی کار ایک ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثہ کے بعد انہیں فوراً اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کا علاج جاری تھا اور امید تھی کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر گھر لوٹ آئیں گے، لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

کار حادثہ میں سنتوش نایر اور ان کی اہلیہ راج لکشمی شدید زخمی ہو گئے تھے۔ وہ ادور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اسپتال میں سنتوش نایر کا علاج جاری تھا، لیکن اسی دوران انہیں دل کا دورہ پڑا اور ان کی حالت بگڑتی چلی گئی۔ ان کی اہلیہ کا علاج جاری ہے، تاہم ان کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اداکار کی ذاتی زندگی کی بات کریں تو ان کے والد سی این کیشون نایر ایک ریٹائرڈ پرنسپل تھے، جبکہ والدہ پی راج لکشمی اماں ریٹائرڈ ٹیچر تھیں۔ ابتدا میں وہ اپنی 2 بہنوں کے ساتھ پٹّا میں رہے، لیکن جب ان کے والدین ایتھوپیا چلے گئے تو نانا نانی نے ان کی پرورش کی۔
اداکار کے کیریئر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے 1982 میں فلم ’اتھو ننگلُودے کَتھا‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ پہلی ہی فلم سے انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ اداکاری کے لیے ہی بنے ہیں۔ اپنے فلمی کیریئر میں انہوں نے 100 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ وہ مرکزی کردار کے علاوہ ویلن، معاون کردار اور مزاحیہ کرداروں میں بھی نظر آئے۔ سنیما کے علاوہ انہوں نے چھوٹے پردے پر بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔ 10 اپریل کو سنتوش نایر کی فلم ’موہینی آٹّم‘ سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی، جو ان کی آخری فلم ثابت ہوئی۔ ان کے انتقال سے مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سنتوش نایر اداکاری کی دنیا میں سرگرم تھے اور اچھا کام کر رہے تھے، لیکن ایک حادثے میں ان کی جان چلے جانا ہر کسی کو غمزدہ کر رہا ہے۔