نوئیڈا میں حالیہ دنوں ہونے والے مزدور کے احتجاجی مظاہروں اور آج یومِ مزدور کے پیش نظر پولیس انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ دکھائی دے رہی ہے۔ ممکنہ احتجاج اور بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لیے کمشنریٹ نے حساس علاقوں میں وسیع سیکورٹی انتظامات کیے ہیں۔ پولیس کمشنر لکشمی سنگھ کی ہدایت پر پورے ضلع کو زون اور سیکٹرس میں تقسیم کر کے نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ انتظامیہ کی بنیادی توجہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کسی بھی قسم کی بد نظمی نہ ہو اور یوم مزدور پُرامن طریقے سے گزر جائے۔ اس کے لیے پولیس نے پہلے ہی حساس علاقوں کی نشاندہی کر کے وہاں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی ہے۔
ضلع گوتم بدھ نگر میں سیکورٹی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ضلع کو 11 زون اور تقریباً 49 سیکٹرس میں بانٹا گیا ہے۔ نوئیڈا، سینٹرل نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا کو الگ الگ حصوں میں تقسیم کر پولیس افسران کی ذمہ داریاں طے کر دی گئی ہیں۔ ہر زون میں سینئر افسران تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری فیصلہ لیا جا سکے۔ یہ حکمت عملی بھیڑ پر قابو پانے اور نظم و قانون برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اس کے علاوہ نوئیڈا میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر 30 اپریل سے 8 مئی تک دفعہ 163 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے تحت بغیر اجازت کسی بھی قسم کے اجتماع یا مظاہرے پر پابندی رہے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قدم احتیاطی طور پر اٹھایا گیا ہے تاکہ امن و امان متاثر نہ ہو اور عام لوگوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سیکورٹی کے پیش نظر ضلع میں کثیر پولیس فورس تعینات کی گئی ہے، جس میں 1000 سے زائد پولیس اہلکار، کئی سینئر افسران اور پی اے سی کی 10 کمپنیاں شامل ہیں۔ صنعتی علاقوں، اہم چوراہوں، بازاروں اور حساس مقامات پر پولیس کی خصوصی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ خواتین پولیس اہلکار بھی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہیں تاکہ ہر صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔