ایران معاہدے کیلئے مذاکرات کرنا چاہتا ہے: صدرٹرمپ
واشنگٹن، 25 اپریل (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران ہم سے بات کرنا چاہ رہا ہے، وہ کسی معاہدے تک پہنچنے کیلئے مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے ایک ٹیلیفونک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران امریکی مطالبات کے مطابق پیشکش دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی پیشکش کامقصد امریکی مطالبات کو پورا کرنا ہے، اب دیکھتے ہیں کہ ایران کس طرح کی پیشکش لاتا ہے؟ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے اس پیشکش کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی رابطے جاری ہیں اور کسی ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ علاقائی سطح پر بھی سفارتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے پیشرفت نظر آ رہی ہے،جےڈی وینس ابھی یہیں رہیں گے، صورتحال پر نظر رکھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پورے مذاکراتی عمل میں پاکستان شاندار دوست اور ثالث رہا ہے، صدرٹرمپ کے کہنے پر ایرانی حکام نے خود رابطہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان دونوں فریقین کو جلد دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کیلیے سرگرم ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے امن و استحکام کیلیے اہم پالیسی اور سفارتی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے، اعتماد سازی اور مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کیلیے پُرعزم ہے۔ شہباز شریف نے اعلیٰ سطح سفارتی رابطوں میں تیزی لانے اور مشاورت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ امیرقطر نے کہا کہ قطر پاکستان کی قیادت میں ثالثی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، قطر شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگی جاری رکھے گا۔