مغربی بنگال کے مرشدآباد میں ووٹنگ مشین میں خرابی کے الزامات، تشدد کے باعث کشیدگی
مرشدآباد، 23 اپریل (یو این آئی) مغربی بنگال کے حساس ضلع مرشدآباد میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران ووٹنگ مشین میں خرابی اور تشدد کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
بیلڈانگا اسمبلی حلقے کے بیلڈانگا بلاک کے گوڈاپارا میں بوتھ نمبر 186 پر اس وقت تنازعہ پیدا ہو گیا جب ووٹروں کے ایک طبقے نے الزام لگایا کہ جمعرات کی صبح سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) میں سنگین خرابی آ رہی ہے۔
ووٹروں نے دعویٰ کیا کہ ترنمول کانگریس کے انتخابی نشان والا بٹن دبانے پر ووٹ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حق میں درج ہو رہا تھا۔ یہ الزام تیزی سے پھیل گیا جس کے بعد بوتھ کے باہر احتجاج شروع ہو گیا۔ مشتعل ووٹروں نے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یا تو کوئی تکنیکی خرابی ہے یا جان بوجھ کر چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ پولیس اور مرکزی فورس فوراً موقع پر پہنچ گئی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے علاقے کا گھیراؤ کر لیا۔
انتخابی مبصر اجول سنگھ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے نظام کے تحت ایسی بے ضابطگیاں ناممکن ہیں، تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شکایت کی جانچ کی جائے گی۔ بوتھ پر ووٹنگ کچھ دیر کے لیے متاثر ہوئی، جس کے بعد سخت سیکیورٹی میں دوبارہ شروع کر دی گئی۔