مغربی بنگال میں 89.93 فیصد ووٹنگ ہوئی
کولکاتہ، 23 اپریل (یو این آئی) مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ میں شام 5 بجے تک 89.93 فیصد ووٹروں نے اپنا ووٹ ڈالا۔
ریاست کے جنوبی دیناج پور ضلع میں سب سے زیادہ 93.12 فیصد اور کلیمپونگ ضلع میں سب سے کم 81.98 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ اس کے علاوہ علی پور دور میں 88.74 فیصد، بانکورہ میں 89.91 فیصد، بیر بھوم میں 91.55 فیصد، کوچ بہار میں 92.07 فیصد، دارجلنگ میں 89.49 فیصد، جلپائی گوڑی میں 90.20 فیصد، جھارگرام میں 90.53، مالدا میں 89.56، مرشد آباد میں 91.36، مغربی بردھمان میں 86.89، مغربی مودنی پور میں 90.70، مشرقی مودنی پور میں 88.55 فیصد، پرلیا میں 87.35 اور شمالی دیناج پور میں 89.74 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔
بیربھوم ضلع میں کانگریس اور ترنمول کانگریس کارکنوں کے درمیان جھڑپ میں کانگریس کا ایک کارکن زخمی ہوگیا۔ اس کے علاوہ کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ہے۔ ووٹنگ پرامن طریقے سے جاری ہے۔
ریاست میں کل 294 اسمبلی نشستیں ہیں۔ ان میں سے آج پہلے مرحلے میں 152 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی اور شام چھ بجے تک جاری رہے گی۔ شدید گرمی کے باوجود تمام پولنگ مراکز پر صبح سے ہی ووٹروں کی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔
مغربی بنگال میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے لیے کل 44,378 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جن نشستوں پر سخت مقابلہ متوقع ہے ان میں نندی گرام، کھڑگپور، پورولیا، بانکوڑا اور جھارگرام شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور حساس علاقوں میں مرکزی مسلح پولیس فورس کی بھاری تعیناتی کی گئی ہے۔ کمیشن نے ضلع مرشدآباد کے ڈومکل میں بائیں بازو کے حامیوں کو مبینہ طور پر ووٹ ڈالنے سے روکنے کے معاملے میں رپورٹ طلب کی ہے۔
انتخابی ریاست میں سیلی گڑی اور ماٹی گارہ میں بین الاقوامی مبصرین کے ایک وفد نے اسمبلی انتخابات کے دوران ووٹنگ کے عمل کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔
پہلے مرحلے میں کل 1,478 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس مرحلے میں ووٹروں کی کل تعداد 3.60 کروڑ سے زائد ہے، جن میں 1.84 کروڑ مرد، 1.74 کروڑ خواتین اور 465 خواجہ سرا شامل ہیں۔ مغربی بنگال میں مجموعی طور پر 6.44 کروڑ ووٹر ہیں۔ اصل مقابلہ ترنمول کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان ہے جبکہ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں بھی بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں۔
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر کی دو اسمبلی نشستوں اور گجرات کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات کے لیے بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ جہاں مہاراشٹر کے بارامتی میں تین بجے تک 52.44 فیصد، راہوری میں 50.68 فیصد اور گجرات کے ُمریتھ میں54.43 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔
ووٹنگ کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو سیل کر کے گنتی مراکز کے اسٹرونگ روم میں منتقل کیا جائے گا، جہاں 24 گھنٹے سکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے۔
مغربی بنگال میں دوسرے مرحلے کے انتخابات 29 اپریل کو ہوں گے جس میں 142 نشستوں پر ووٹنگ کرائی جائے گی۔
ووٹوں کی گنتی چار مئی کو ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔