سیوریج کی صفائی کے دوران اموات پر حکومت جوابدہی طے کرنے میں ناکام: گہلوت
جے پور، 18 اپریل (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ریاست میں گزشتہ ایک سال کے دوران سیوریج کی صفائی کرتے ہوئے دس سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے، مگر حکومت اب تک کسی کی ذمہ داری طے نہیں کر سکی۔
مسٹراشوک گہلوت نے اپنے بیان میں الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ''وکست راجستھان'' کی بات کرنے والے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کو یہ دیکھنا چاہیے کہ راجدھانی میں جمعہ کے روز دو صفائی کارکن سیوریج صاف کرتے ہوئے ہلاک ہو گئے، اور اس طرح گزشتہ ایک سال میں مرنے والوں کی تعداد دس سے تجاوز کر چکی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا انسان کی جان کی قیمت اس کی ذات اور معاشی حالت کے مطابق طے کی جائے گی؟ کیا ان غریب افراد کو کبھی انصاف ملے گا؟ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود ایسے واقعات کا پیش آنا حکومت کے لیے باعثِ شرم ہے۔
مسٹر گہلوت نے کہا کہ 21ویں صدی میں ہاتھ سے صفائی جیسا کام ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کروڑوں روپے کی مشینیں دستیاب ہونے کے باوجود انہیں استعمال کیوں نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے کر فوری کارروائی کریں۔