Jadid Khabar

ٹرمپ انتظامیہ کا سخت مؤقف، چین کے جہازوں کو بھی روکنے کا اعلان

Thumb

واشنگٹن، 16 اپریل (یو این آئی) امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث چین بھی ایرانی تیل حاصل نہیں کر سکے گا۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق امریکہ آبنائے ہرمز میں ایرانی تیل لے جانے والے چینی جہازوں کو روکنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کو آج دوسرا دن ہو گیا ہے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
 
امریکی سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ناکہ بندی کے بعد کوئی بھی بحری جہاز ایرانی بندرگاہوں تک نہیں پہنچ سکا۔
 
سینٹ کام کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران نہ کوئی جہاز ایران میں داخل ہوا اور نہ ہی وہاں سے روانہ ہوا، جبکہ 9 بحری جہازوں نے امریکی افواج کے واپسی کے احکامات کی تعمیل کی۔
 
دوسری جانب امریکی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ پینٹاگون آنے والے دنوں میں ہزاروں اضافی فوجی مشرق وسطیٰ بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔
 
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ایران پر معاہدے کیلئے دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے، اور اگر جنگ بندی برقرار نہ رہی تو مزید حملوں یا زمینی کارروائیوں کے امکانات بھی زیر غور ہیں۔
 
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور عالمی توانائی کی منڈی پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔